امریکا میں سالانہ ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ کمانے والی بھارتی خاتون نے خود کو متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا قرار دیتے ہوئے اپنے ماہانہ اخراجات کی تفصیلات شیئر کردیں جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نئی بحث چھڑ گئی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں مقیم ماہیما راٹھی نے اپنے بھائی نتن ملہوترا کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا کہ ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً 8 ہزار ڈالر یعنی 7 لاکھ 50 ہزار بھارتی روپے ہے۔
ماہیما نے بتایا کہ اس ’’قلیل‘‘ آمدنی میں سے تقریباً ڈیڑھ ہزار ڈالر ٹیکس کی مد میں ادا ہوجاتے ہیں جب کہ گھر کی قسط پر 2 ہزار 500 ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔
ان کے ماہانہ اخراجات میں ایک ہزار ڈالر کھانے پینے، 500 ڈالر طبی بیمہ، 500 ڈالر گاڑی کے بیمے اور ایندھن، جبکہ مزید 500 ڈالر فون، انٹرنیٹ اور گھریلو بلوں پر خرچ ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ بچوں کے اخراجات کے لیے 300 ڈالر اور دیگر ضروریات کے لیے 200 ڈالر مختص کرنا پڑتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یوں تمام اخراجات کے بعد ان کے پاس تقریباً ایک ہزار ڈالر بچتے ہیں حالانکہ اس میں ان کے ذاتی اخراجات شامل نہیں ہیں۔
ماہیما نے یہ بھی بتایا کہ بھارت میں قیام کے دوران ان کی سالانہ آمدنی 15 لاکھ روپے تھی لیکن اس وقت وہ زیادہ بچت کرنے میں کامیاب تھیں۔
ان کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد صارفین نے بھارت اور امریکا میں معیارِ زندگی، قوتِ خرید اور بچت کے امکانات کا موازنہ شروع کردیا۔
بعض صارفین کے مطابق امریکا میں بہتر سہولیات اور معیارِ زندگی بھی متوسط طبقے کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔