راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان ٹیم کی دفاعی حکمت عملی، میچ بے نتیجہ ختم

ڈیبیوٹینٹ ثاقب خان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا تھا


اسپورٹس ڈیسک November 13, 2026

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز لاہیرو کمارا نے پہلی ہی گیند پر اذان اویس (22) کی وکٹ حاصل کرکے سری لنکن کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

اگلے ہی اوور میں محمد طحہٰ (24) اسیتھا فرنانڈو کا شکار بن گئے۔ 57 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور سعود شکیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 13 رنز بنا کر چلتے بنے۔

غازی غوری 34، عرفات منہاس 16 اور سعود شکیل ایک بار پھر نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 97 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے 272 رنز کی لیڈ کے ساتھ 284 رنز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کی تاہم صرف ایک گھنٹہ باقی رہ جانے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کی مشاورت سے میچ ختم کردیا گیا۔

گزشتہ روز خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کر دیا گیا تھا اور پورے دن میں دو سیشنز بھی مکمل نہ ہوسکے تھے۔

اس سے قبل ڈیبیوٹینٹ ثاقب خان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا تھا۔

سری لنکن ٹیم اپنی اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دھننجیا ڈی سلوا نے 167 اور کپتان کوشال مینڈس نے 117 رنز کی بڑی اننگز کھیلیں۔

ثاقب خان نے 7 شکار کیے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ اس سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ثاقب خان کے علاوہ محمد عباس نے 2 اور رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل (93)، طیب عارف (57)، عرفات منہاس (52)، محمد طحہٰ (51) اور کپتان بابر اعظم (50) نے نصف سنچریز اسکور کیں۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔