لندن: سعودی عرب کی توانائی تنصیبات پر حملوں میں اضافے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر تیل کی دونوں بڑی اقسام کی قیمتیں تقریباً 3 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 3.06 ڈالر یعنی 3.3 فیصد اضافے کے بعد 95.82 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 2.21 ڈالر یعنی 2.6 فیصد بڑھ کر 88.74 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کی توانائی تنصیبات پر حملوں میں شدت اور آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں نے عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔ یہاں جہاز رانی متاثر ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی دستیابی اور قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑ سکتا ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باوجود پورے ہفتے کے حساب سے برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں کی قیمتیں تقریباً 2.5 فیصد کم رہیں۔
اس طرح ہفتہ وار کمی کے باوجود سعودی توانائی تنصیبات پر حملوں اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت کے مسائل نے کاروباری ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں کو دوبارہ اوپر دھکیل دیا۔