امریکا میں تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن معطل ہونے سے ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوگئیں جبکہ 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز بھی خرابی سے متاثر ہوئے۔
امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی، جبکہ ریڈار، ایئر ٹریفک کنٹرول اور ریڈیو فریکوئنسیز میں مسائل سامنے آئے۔ امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا الگ الگ جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے گراؤنڈ اسٹاپ ختم ہونے کا وقت نہیں بتایا۔
ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے کہا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے اور ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث پروازیں روکی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت یا سائبر حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا، تاہم یہ نائن الیون جیسا واقعہ نہیں اور گراؤنڈ اسٹاپ کسی سکیورٹی خطرے کے باعث نہیں لگایا گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت نہیں لگتی۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھی واضح کیا ہے کہ فضائی نظام کی خرابی کا اس کی سروسز سے کوئی تعلق نہیں۔
ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین خرابی کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ ایف بی آئی نے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یوروکنٹرول کے مطابق امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث یورپ سے امریکا جانے والی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔
ادھر امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا ہے، جس کے باعث ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔ محکمے کے مطابق تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے میں مصروف ہیں۔