راولپنڈی:
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ دو بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں 12 خوارج مارے گئے جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں 2، 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان جھڑپوں میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی (ضلع صوابی کے رہائشی) اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی (ضلع مردان کے رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے نائیک آفتاب علی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی، انہوں نے 16 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک آفتاب علی اور حولدار عصمت علی کو خراج عقیدت پیش کیا اور دونوں شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔