لبنان: 100 برس سے زائد عرصے سے فلافل بیچنے والا خاندان، چوتھی نسل کاروبار سنبھالنے کو تیار

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طبارہ خاندان کا فلافل کا کاروبار لبنان کے قیام سے بھی پہلے شروع ہوا تھا


ویب ڈیسک November 14, 2026
(تصویر: اے پی)

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک خاندان گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے فلافل فروخت کرکے اپنی منفرد شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے، اب اس کاروبار کی چوتھی نسل بھی خاندانی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طبارہ خاندان کا فلافل کا کاروبار لبنان کے قیام سے بھی پہلے شروع ہوا تھا اور دو عالمی جنگوں سمیت ملک میں ہونے والے متعدد تنازعات کے باوجود آج تک قائم ہے۔

خاندان کی یہ چھوٹی سی دکان بیروت کے مصروف علاقے حمرا میں واقع ہے، جہاں صارفین کو 3 ڈالر میں فلافل سینڈوچ فروخت کیا جاتا ہے۔ یہ سینڈوچ تلی ہوئی پھلیوں سے تیار کردہ فلافل، لبنانی روٹی، اچار والے کھیرے، ٹماٹر، پارسلے، گاڑھی طحینہ چٹنی اور خصوصی تیز مرچوں کی چٹنی سے تیار کیا جاتا ہے۔

82 سالہ محمد طبارہ کا کہنا ہے کہ ان کے گاہک صرف لبنان تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول لوگ ان کی دکان پر فلافل کھانے اس لیے آتے ہیں کیونکہ وہ اس کے منفرد ذائقے اور معیار سے واقف ہیں۔

محمد طبارہ اب اپنے خاندانی کاروبار اور روایتی پکوان بنانے کا ہنر اپنے 40 سالہ بیٹے زیاد طبارہ کو منتقل کر رہے ہیں جو پہلے اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتے تھے۔ تاہم، گزشتہ چھ برس سے اپنے والد کے ساتھ دکان پر مکمل وقت دے رہے ہیں۔

زیاد طبارہ کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک کھانے کا ذائقہ نہیں بلکہ تاریخ اور ثقافتی ورثہ ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتا چلا آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اپنے والد کے ساتھ دکان پر کام کیا کرتے تھے اور اب اسی خاندانی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔

طبارہ خاندان کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح روایتی کھانے، خاندانی کاروبار اور منفرد ذائقے وقت گزرنے کے باوجود اپنی پہچان برقرار رکھ سکتے ہیں۔