سلمان خان کی متنازع فلم کے ہدایت کار اپوروا لاکھیا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے سپراسٹار نے فلم 'ماتربھومی' کے لیے 14 ہزار فٹ کی بلندی پر اضافی آکسیجن کے بغیر منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ موسم میں بارش کے دوران شوٹنگ کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم سازوں کی جانب سے سلمان خان کی نئی متنازع فلم ماتربھورمی مے وار ریسٹ ان پیش کے ٹریلر جاری کرنے کے بعد بات کرتے ہوئے ہدایت کار اپوروا لاکھیا نے بتایا کہ 60 سالہ سلمان خان دشوار گزار راستوں، ان کے لیے ناموافق موسم اور انتہائی بلندی پر شدیدحالات کے باوجود لوکیشن پر پہنچتے ہی سیدھا سیٹ پر چلے گئے اور فلم کی ٹیم نے سنگلاخ پہاڑوں میں عکس بندی کی، جہاں درجہ حرارت منفی ڈگری تھا۔
ہدایت کار کا شوٹنگ کے مشکل شیڈول پر کہنا تھا کہ کس طرح سلمان خان نے بغیر کسی شکایت کے سخت حالات کا مقابلہ کیا۔
فلم کی شوٹنگ کے مشکل ترین حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سب سے کٹھن لوکیشن دریا کے ساتھ واقع علاقہ 'ٹارو پلینز' تھی جہاں ہم نے سلمان خان اور دیگر افراد کے ساتھ ان کی آمد کے پہلے ہی دن شوٹنگ کی اور وہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تھا اور بارش ہو رہی تھی جبکہ سپاہیوں کو ایک ڈھلوان پر اوپر کی طرف دوڑنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سلمان خان نے لوکیشن پر پہنچ کر ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے بجائے سیدھا سیٹ پر آنے کا فیصلہ کیا اور ہم نے اس یخ بستہ موسم میں ان کے چلنے کے سین ریکارڈ کیے اور اس کے لیے انہوں نے کوئی شکایت نہیں کی حالانکہ انہوں نے بغیر اضافی آکسیجن اور سہولت کے یہ کام مکمل کیا۔
بھارت اور چین کے تنازع کے پس منظر میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان ایک بھارتی فوجی کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ چترانگدا سنگھ ان کی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فلم محض دو ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ فلم جنگ کے انسانی نقصانات کو بھی اجاگر کرتی ہے، جس میں خاندانوں کی جدائی، دونوں اطراف سے ہونے والے جانی نقصان اور میدان جنگ کے بعد بھی جاری رہنے والی تکالیف کو دکھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ فلم کی شوٹنگ انتہائی بلند وادیوں اور برفیلے دریاؤں کے قریب کی گئی ہے اور یہ حقیقی مقامات سرحدوں پر تعینات فوجیوں کو پیش آنے والے کٹھن حالات کی حقیقت پسندانہ عکاسی ہے۔
ٹریلر میں سلمان خان بھرپور ایکشن انداز میں نظر آ رہے ہیں، جس میں کئی سنسنی خیز جنگی مناظر شامل ہیں۔
سلمان خان فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 4 دسمبر کو ریلیز کے لیے شیڈول ہے، اس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا نے کی ہے جبکہ باکس آفس پر اس فلم کا ٹکراؤ شردھا کپور کی فلم 'ایتھا' سے ہوگا۔