17 سال کی عمر میں ناکام محبت کے بعد شادی کیوں نہیں کی؟ اداکارہ لیلیٰ نے حقیقت بتادی

اداکارہ لیلیٰ نے ساتھی اداکار احسن خان کو اپنی پہلی محبت قرار دے دیا، شادی نہ کرنے کی وجہ بھی بتادی


ویب ڈیسک November 15, 2026

پاکستانی فلم انڈسٹری کی سابق اداکارہ لیلیٰ نے معروف اداکار احسن خان کے ساتھ ماضی کے تعلق، زندگی کے مشکل حالات اور شادی کے ارادوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

اداکارہ لیلیٰ حال ہی میں متھیرا کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے ایسے پہلوؤں پر گفتگو کی جنہوں نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

لیلیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ حقیقی محبت ہوئی اور وہ محبت احسن خان کے ساتھ تھی۔

دونوں کی راہیں اس وقت جدا ہوگئی تھیں جب ان کی عمریں محض 17 برس تھیں، تاہم وہ احسن خان کی شخصیت اور ان کے مثبت رویے کو آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

مشکل وقت میں احسن خان نے ساتھ نہیں چھوڑا

لیلیٰ نے احسن خان کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب انہیں شدید مشکلات، ذاتی صدمات اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس مشکل دور میں ان کے بعض قریبی دوستوں نے بھی ان سے رابطہ ختم کرلیا تھا لیکن احسن خان نے انہیں فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ دیا۔

لیلیٰ نے کہا کہ جب وہ زندگی کے مشکل ترین حالات سے گزر رہی تھیں اور انہیں اپنوں کی توجہ بھی حاصل نہیں تھی اس وقت احسن خان کا فون ان کے لیے بہت معنی رکھتا تھا۔

اداکارہ کے بقول احسن خان کی یہی مثبت سوچ اور اچھا رویہ ہے جس کی وجہ سے وہ آج بھی ان کا ذکر اچھے الفاظ میں کرتی ہیں۔

شادی کیوں نہیں کی؟ اداکارہ نے وجہ بتادی

پروگرام کے دوران متھیرا نے لیلیٰ سے ان کی شادی کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ زندگی میں پیش آنے والے مسلسل صدمات اور گھریلو ذمہ داریوں نے انہیں شادی کے بارے میں سوچنے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔

لیلیٰ نے مزید بتایا کہ ان کے خاندان کی ذمہ داریاں ان کے کندھوں پر ہیں اور گھر والے ان پر انحصار کرتے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ اگر مستقبل میں ان کی زندگی میں کوئی شریکِ سفر آئے تو وہ ان کے حالات، ذمہ داریوں اور خاندانی معاملات کو سمجھنے والا ہو۔

اداکارہ لیلیٰ کے بقول شادی صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کی ذمہ داریوں اور حالات کو سمجھنے کا نام بھی ہے۔

احسن خان کے بعد دوبارہ محبت نہیں ہوئی

لیلیٰ نے اپنی گفتگو میں ایک اور جذباتی انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ احسن خان کے بعد انہیں دوبارہ کبھی ایسی محبت محسوس نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کی محبت انہیں پہلی مرتبہ محسوس ہوئی تھی، ویسا احساس دوبارہ ان کے دل تک نہیں پہنچ سکا۔

اداکارہ نے موجودہ دور کے تعلقات کے حوالے سے بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اب دنیا میں بہت سی چیزیں مصنوعی اور غیر حقیقی محسوس ہوتی ہیں۔

تماثا سیزن 5 کے بعد دوبارہ توجہ کا مرکز

یاد رہے کہ لیلیٰ نے فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنائی تھی اور اب وہ ایک مرتبہ پھر شوبز انڈسٹری میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

ریئلٹی شو ’تماشا سیزن 5‘ میں شرکت کے بعد انہیں ایک نئی نسل کے ناظرین میں بھی پذیرائی ملی۔

متھیرا کے پروگرام میں ان کی حالیہ گفتگو نے ایک مرتبہ پھر ان کی نجی زندگی کو خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔