کراچی:
سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر سائٹ کی عمارت میں واقع وزیر صنعت و تجارت سندھ کے کمرے کے باہر احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت صنعت و تجارت سندھ کے ماتحت ادارے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا اور انتظامیہ سے تںخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
یونین کے زیر اہتمام ہوئے احتجاج کے دوران ملازمین اپنے سیکشنز سے باہر نکل کر پہلی منزل پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کے کمرے کے باہر جمع ہوگئے جہاں وزیر اس وقت موجود تھے۔
ملازمین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، یونین لیڈران نے تقاریر کیں اور کہا کہ ٹھیکوں میں پیسے دیے جارہے ہیں مگر ملازمین کی تنخواہیں دینے کے لیے کہتے ہیں پیسے نہیں، تنخواہیں تاخیر سے دینے اور ٹکڑوں میں دینے کا سلسلہ بند کیا جائے، بروقت تنخواہیں دی جائیں ورنہ اس سے بھی بڑا احتجاج کیا جائے گا۔
ملازمین نے کہا کہ اگر آج کے احتجاج کے جواب میں کسی بھی ملازم کا کراچی سے سپر ہائی وے، نوری آباد یا سائٹ کے کسی دوسرے شہر میں واقع دفتر میں ٹرانسفر کیا گیا تو سارے ملازمین باہر نکل آئیں گے۔
احتجاج کے بعد وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے سائٹ یونین کے صدر صدام کو بلایا اور تنخواہیں جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج ختم کردیا گیا۔
یونین کے مطابق وزیر تجارت نے سائٹ کے ایم ڈی احمد فواد کو ہدایت کردی ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں فوری جاری کی جائیں۔
دریں اثنا تنخواہیں ملنے میں تاخیر اور ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے سائٹ ورکرز یونین کی جانب سے جمعرات کو کمیونٹی ہال فرسٹ شاپنگ سینٹر سائٹ میں اجلاس طلب کرلیا گیا جس میں یونین رہنماؤں سمیت سائٹ کے ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔