مالی مدد کے نام پر تضحیک کا سامنا، شرد کپور نے رقم واپس لیے جانے کا انکشاف کردیا

شرد کپور نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام کے ذریعے فلمی صنعت کے ساتھیوں اور سینئر اداکاروں سے مدد کی اپیل کی تھی


ویب ڈیسک November 18, 2026

بولی ووڈ کے سینئر اداکار شرد کپور نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض افراد نے ان کی مالی مدد کرنے کا تاثر دینے کے لیے انہیں نقد رقم دی، اس موقع پر ویڈیو بنائی اور پھر ریکارڈنگ مکمل ہوتے ہی پیسے واپس لے لیے۔ اداکار نے اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مجبوری کو سوشل میڈیا پر تشہیر کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں شرد کپور کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ان کی پریشانی کو اس طرح تماشا کیوں بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد سوشل میڈیا پر یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ انہوں نے اداکار کی مالی معاونت کی ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ان سے بات کرنی ہے یا مدد کے حوالے سے رابطہ کرنا ہے تو وہ براہِ راست انہیں پیغام بھیج سکتا ہے یا ان کی دوست ہیما سے رابطہ کرسکتا ہے۔ اداکار نے مزید کہا کہ آئندہ ایسے لوگوں کے سامنے وہ ہاتھ جوڑ لیں گے تاکہ کوئی ان کی مجبوری کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال نہ کرے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شرد کپور کی قریبی دوست ہیما چوہدری نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں اداکار کی صحت اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما ممبئی میں قائم ایک فلاحی تنظیم کی بانی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شرد کپور کی طبیعت خاصی خراب ہے، جس کے باعث وہ زیادہ دیر تک گفتگو نہیں کر پاتے اور بعض اوقات اپنی بات بھی مکمل طور پر سمجھا نہیں پاتے۔

ہیما کے مطابق اداکار کی مدد کی اپیل کے لیے سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس کے بعد فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے چند افراد ان سے ملاقات کے لیے آئے، تاہم کسی نے مالی تعاون کی پیشکش نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افراد شرد کپور کو کھانے پر لے جانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ایک شخص نے اداکار کو کچھ نقد رقم دی اور ویڈیو ریکارڈ کی، لیکن بعد میں وہی رقم واپس لے لی۔

ہیما چوہدری نے اس عمل کو ہمدردی کے بجائے سستی شہرت حاصل کرنے اور سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ شرد کپور کی بیماری اور مشکلات کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال نہ کریں اور انہیں سکون سے زندگی گزارنے دیں۔ ان کے بقول اداکار کو اس وقت سب سے زیادہ طبی نگہداشت اور مناسب توجہ کی ضرورت ہے، جس کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شرد کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام کے ذریعے فلمی صنعت کے ساتھیوں اور سینئر اداکاروں سے مدد کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ کام شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے مالی مسائل پر قابو پاسکیں۔

اداکار نے یہ بھی بتایا تھا کہ 2024 میں ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے۔ ممبئی پولیس نے 32 سالہ اداکارہ اور پروڈیوسر کی جانب سے ہراسانی کے الزامات سامنے آنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ شرد کپور کے مطابق وہ گزشتہ دو سے تین برس سے بستر پر ہیں اور انہیں مالی، اخلاقی اور ذہنی تعاون درکار ہے۔ اب وہ دوبارہ کام کا آغاز کرکے اپنی زندگی معمول پر لانا چاہتے ہیں۔