کیمبرج ڈکشنری نے مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے اثرات اور انسان و مشین کے درمیان فرق پر عالمی بحث کے تناظر میں لفظ ’’ہیومن‘‘ کو 2026 کا لفظِ سال منتخب کرلیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کیمبرج ڈکشنری نے اعلان میں بتایا کہ رواں سال دنیا بھر میں یہ بحث نمایاں رہی کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں انسان ہونے کا اصل مطلب کیا ہے۔
کیمبرج ڈکشنری میں ’’ہیومن‘‘ کی تعریف ایسے شخص کے طور پر کی گئی ہے جس میں انسانوں جیسی خوبیاں، خامیاں اور احساسات ہوں اور جو خداؤں، جانوروں یا مشینوں سے مختلف ہو۔
ڈکشنری کے ماہرِ لسانیات کولن میک اِنٹوش کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت نے انسان ہونے کے تصور کے بارے میں گفتگو کا انداز بدل دیا ہے۔
ان کے بقول ’’ہیومن میڈ‘‘ جیسی اصطلاحات کا بڑھتا استعمال انسانی تخلیق اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد میں فرق واضح کرتا ہے۔
ڈکشنری نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز اور آوازوں کا بھی ذکر کیا جن کے باعث معروف شخصیات اپنی شناخت اور آواز کے غیر مجاز استعمال سے تحفظ کے لیے اقدامات کررہی ہیں۔
کیمبرج ڈکشنری نے اس سال کئی نئی اصطلاحات بھی شامل کی ہیں، جن میں ’’اورا فارمنگ‘‘، ’’لُکس میکسنگ‘‘ اور ’’ایئر جیل‘‘ شامل ہیں۔
پہلی اصطلاح سے مراد دوسروں کو متاثر کرنے والی شخصیت کا تاثر قائم کرنا، دوسری سے اپنی جسمانی کشش بڑھانے کی کوشش اور تیسری سے جانوروں کی تربیت کا ایک طریقہ ہے۔