ایران کا جوہری مواد سے متعلق ثالثوں کی تجاویز پر غور کرنے کا عندیہ

امریکا کے ساتھ جنگ کا خاتمہ سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے، عباس عراقچی


ویب ڈیسک November 21, 2026
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی—ایران کا کہنا ہے کہ عمان کے ساتھ معاہدہ ہرمز کھولنے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ثالثوں کی بعض تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے، تاہم افزودہ یورینیم کو ملک سے باہر منتقل کرنا تہران کی ریڈ لائن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتا ہے جس کے بعد دوبارہ جنگ چھڑنے کا خطرہ باقی نہ رہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کے جوہری مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، البتہ جوہری مواد سے متعلق قابل قبول حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق ثالثوں کی جانب سے پیش کی گئی بعض تجاویز پر غور کیا جاسکتا ہے، لیکن افزودہ یورینیم کی بیرون ملک منتقلی ایران کے لیے قابل قبول نہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے لیے ایران کا پہلا مطالبہ یہ ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ عوامی سطح پر معاہدے کی خواہش کا اظہار کریں۔ اگر واشنگٹن واقعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنا موجودہ مؤقف تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تہران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو صرف عارضی جنگ بندی تک محدود نہ ہو بلکہ مستقبل میں دوبارہ جنگ شروع ہونے کے امکان کو بھی ختم کرے۔

عراقچی کے مطابق ایران اور ثالثوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور امریکا کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران نے امریکا کو دو روزہ منصوبہ پیش کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے راستہ نکالنا ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے اس منصوبے کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کے ساتھ فوری مذاکرات شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن اپنی یقین دہانیوں پر عمل کرتا ہے تو ایران اگلے ہی روز آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہوگا۔

عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کو ثالثوں کی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی اور تہران اب بھی سفارت کاری کے ذریعے تنازع حل کرنے کی امید رکھتا ہے۔