گروپ آف ڈیتھ میں پاکستان کا پروٹیز سے پہلا ٹکراؤ

سپرایٹ میں جمعے کو میدان سجے گا، روایتی حریف بھارت سے30 ستمبر کو معرکہ آرائی، آسٹریلیا سے مقابلہ 2 اکتوبرکو شیڈول۔

سپرایٹ میں جمعے کو میدان سجے گا، روایتی حریف بھارت سے30 ستمبر کو معرکہ آرائی، آسٹریلیا سے مقابلہ 2 اکتوبرکو شیڈول۔ فوٹو فائل

سپر ایٹ کے گروپ آف ڈیتھ میں پاکستان کا پہلا ٹکرائو پروٹیز سے ہوگا، جمعہ 28 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان کولمبو میں میدان سجے گا.

بھارت اور آسٹریلیا کی موجودگی گروپ 2 کو انتہائی خطرناک بنا رہی ہے، روایتی حریف بھارت سے گرین شرٹس 30 ستمبر کو دو دو ہاتھ کریں گے، آسٹریلیا سے مقابلہ 2 اکتوبر کو پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف گروپ ڈی کے آخری میچ میں پاکستان کی شاندار فتح کے بعد ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ رائونڈکے دونوں گروپس کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہیں۔

پاکستان گروپ ایف میں موجود جسے انتہائی مضبوط ٹیموں کی موجودگی کے باعث گروپ آف ڈیتھ قرار دیا جارہا ہے، اس میں پاکستان کے ساتھ بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ موجود ہیں.


گروپ ای میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان سپر ایٹ میں اپنے سفر کا آغاز جمعے کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گا جبکہ دوسرا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا.

اس رائونڈ میں گرین شرٹس کا آخری مقابلہ آسٹریلیا سے دو اکتوبر کو کولمبو کے آر پریماداسااسٹیڈیم میں ہی ہوگا۔ سپر ایٹ رائونڈ میں ٹیموں کی تقسیم گروپ اسٹیج کے نتائج کے بجائے ایونٹ کے آغاز سے قبل طے شدہ سیڈنگ کی بنیاد پر کی گئی.

جس میں پاکستان اپنے گروپ ڈی میں نمبر ون اور نیوزی لینڈ 2 سیڈ تھا۔ پہلے سے سیڈنگ کا مقصد غیرملکی شائقین کو اپنے ملک کی ٹیم کیلیے سپر ایٹ رائونڈ کے پہلے سے ہی ٹکٹ بک کرانے کا موقع فراہم کرنا تھا، یہ شیڈول صرف بڑے اپ سیٹ سے ہی متاثر ہوسکتا تھا مگر گروپ اسٹیج میں کوئی بھی چھوٹی ٹیم بڑا کارنامہ انجام نہیں دے پائی۔

پاکستان اپنی سیڈنگ پر پورا اترتے ہوئے گروپ لیڈر کے طور پر ہی اگلے رائونڈ میں گیا۔ سپر ایٹ رائونڈ کے ہر گروپ سے دو ٹیمیں سیمی فائنلز میں جائیں گی جن کا فیصلہ فتوحات اور پوائنٹس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ دو یااس سے زائد ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہونے پر بہتر رن ریٹ والی ٹیم آگے جائے گی، رن ریٹ بھی ایک جیسا ہونے پر باہمی میچ کی فاتح سائیڈ سیمی فائنل کھیلے گی.

اگر موسم کی وجہ سے سپر ایٹ میں گروپ کے کسی بھی میچ کا نتیجہ نہیں نکلتا تو پھر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا تعین ان کی گروپ اسٹیج پرفارمنس پر ہوگا، وہاں بھی برابری کی صورت میں وہی ٹیم سیمی فائنل کھیلے گی جس کی سیڈنگ بہتر ہوگی۔

Recommended Stories

Load Next Story