لاہور:
پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کرنے کیلئے حکومت کو 15 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ملک خدا بخش نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ہر 30 روز بعد کیا جائے، ڈیلرز کے منافع کا مارجن کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ ڈیلرز کا سرمایہ ختم ہورہا ہے، پیٹرول منگوانے کے پیسے نہیں بچیں گے، پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ ہے، پیٹرول نہ ملا تو عوام میں بے چینی اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور پمپس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہونے سے ڈیلرز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈیلرز ایک قیمت پر اسٹاک خریدتے ہیں تاہم قیمتیں کم ہونے پر انہیں مہنگا خریدا گیا اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے خریداری، سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبہ بندی بھی مشکل ہوگئی ہے جبکہ پیٹرول پمپس پر صارفین کے ساتھ قیمتوں کے حوالے سے الجھن پیدا ہوتی ہے۔
نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کے ارکان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد ہیں جو عوام کو ضروری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ روزگار بھی مہیا کرتے ہیں۔ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو کئی پیٹرول پمپس بند ہونے اور روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزانہ قیمتوں کی تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کیا جائے، اس سے قیمتوں میں استحکام اور کاروباری منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔
وائس چیئرمین نے وزیراعظم اور متعلقہ اداروں سے مسائل جلد حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں باہمی مشاورت سے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔