ایران میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بغیر حجاب اور نامناسب کپڑے زین تن کرکے گانا گانے والی معروف گلوکارہ پراستو احمدی کو ان کے 4 ساتھیوں سمیت 74 کوڑے فی کس مارے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 29 سالہ گلوکارہ اور چار مرد ساتھیوں کو پیر کے روز شہر قم میں سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے 74، 74 کوڑے لگائے گئے۔ گلوکارہ کے وکیل نے بھی سزا پر عمل درآمد کی تصدیق کی ہے۔
یہ مقدمہ دسمبر 2024 میں احمدی کی جانب سے یوٹیوب پر نشر کیے گئے ایک آن لائن کنسرٹ کے بعد شروع ہوا تھا۔ اس پرفارمنس میں گلوکارہ نے حجاب کے بغیر اور نامناسب لباس پہن رکھا تھا جبکہ ان کے ساتھ مرد موسیقار بھی موجود تھے۔
رواں سال جون میں قم کی فوجداری عدالت نے گلوکارہ اور دیگر افراد کو عوامی اخلاق کے خلاف مواد تیار اور نشر کرنے کے الزام میں سزا سنائی تھی۔ ستمبر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
74 کوڑوں کے علاوہ گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں پر دو سال کے لیے موسیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور فنکاروں نے اس سزا پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔