پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی؛ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد منفی  سطح پر

توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی، بڑھتے کاروباری اخراجات، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال اہم وجوہات


احتشام مفتی November 24, 2026

کراچی:

عالمی سیاسی کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ملکی معاشی دباؤ کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق ملک میں  غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی منفی سطح پر آگیا ہے اور اس میں مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ستمبر اور اکتوبر 2026 میں ملک بھر میں کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ سروے کے مثبت 13 فیصد سے کم ہوکر منفی 23 فیصد ہوگیا۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اس سے بھی زیادہ کمی ہوئی، جہاں او آئی سی سی آئی کے ارکان کا بزنس کانفیڈنس 55 فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 28 فیصد سے منفی 27 فیصد ہوگیا، جو مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے زیادہ منفی ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔

سروے کے نتائج پاکستان کے کاروباری ماحول کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ یہ ملک کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں مینوفیکچرنگ، خدمات اور ریٹیل کے شعبوں سے وابستہ کاروباری اداروں کی آرا پر مبنی ہیں، جو مجموعی طور پر پاکستان کی جی ڈی پی کا تقریباً 80فیصد حصہ رکھتے ہیں۔

کاروباری اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات میں توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی، کاروباری اخراجات میں اضافہ، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔

اگرچہ معیشت کے بعض اہم اشاریوں میں بہتری آئی ہے، تاہم سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتاہے  کہ یہ بہتری کاروباری ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

سروے کے مطابق ریٹیل اور ہول سیل شعبے میں کاروباری اعتماد سب سے زیادہ 45فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 20 فیصد سے منفی 25 فیصد ہوگیا۔ اسی طرح مینوفیکچرنگ شعبے میں اعتماد 34فیصد پوائنٹس کی کمی سے منفی 25فیصد جبکہ خدمات کے شعبے میں 31فیصد پوائنٹس کم ہوکر منفی 17فیصد پر آگیا۔ اس طرح تینوں شعبوں میں کاروباری اعتماد منفی ہوگیا ہے۔

سروے کے مطابق سرمایہ کاری اور روزگار سے متعلق کاروباری توقعات میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سرمایہ کاری سے متعلق اعتماد مثبت 2 فیصد سے کم ہوکر منفی 14فیصد جبکہ روزگار سے متعلق توقعات 23 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد منفی 6فیصد پر آگئی ہیں۔

اسی طرح کاروبار میں توسیع کی توقعات بھی 27فیصد پوائنٹس کم ہوکر محض 3فیصد کی مثبت سطح پر رہ گئی ہیں۔

سروے کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران پاکستان میں کاروباری صورتحال کو منفی قرار دینے والے اداروں کی شرح 47فیصد سے بڑھ کر 78فیصد ہوگئی ہے۔ آئندہ 6 ماہ میں کاروباری حالات مزید خراب ہونے کی توقع رکھنے والے اداروں کی شرح بھی 34فیصد سے بڑھ کر 44فیصد ہوگئی، جبکہ بہتری کی توقع رکھنے والے اداروں کی شرح مئی 2026 کے 47فیصد کے مقابلے میں کم ہوکر 23فیصد رہ گئی ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر عمر احسن خان نے کہا ہے کہ سروے کے نتائج پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم پیغام ہیں کیونکہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری اعتماد، خصوصاً غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں کمی، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل بنیادی اور اسٹرکچرل مسائل کے حل کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔  کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مستحکم حکومتی پالیسیاں، مسابقتی ٹیکس نظام، سستی اور قابل اعتماد توانائی کی فراہمی اور حکومتی فیصلوں میں تسلسل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا ک کاروباری اعتماد کی بحالی نئی سرمایہ کاری کے حصول، کاروباری سرگرمیوں میں توسیع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

او آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے چیمبر کے ارکان کے کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے مختلف چیلنجز کے باوجود روایتی طور پر زیادہ مثبت توقعات رکھتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے ارکان کی جانب سے سروے میں ظاہر کی گئی مایوسی تشویش کا باعث ہے۔ چیمبر کے ارکان پاکستان میں طویل عرصے سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور ماضی میں ان کا اعتماد مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ رہا ہے، تاہم اب یہ رجحان تبدیل ہوگیا ہے، جس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کے خدشات کو صرف عالمی غیر یقینی صورتحال سے منسوب نہیں کیا جاسکتا، بلکہ یہ پاکستان کے کاروباری ماحول سے متعلق مسائل کی بھی نشاندہی کرتے ہیں، جن کے حل کے لیے بروقت اقدامات ضروری ہیں۔

سروے کے مطابق مہنگائی میں اضافہ اور بھاری ٹیکس کاروباری ترقی کے لیے دو بڑے چیلنجز ہیں، جنہیں بالترتیب 84فیصد اور 81فیصد شرکا نے اہم مسائل قرار دیا۔  اس کے علاوہ توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں بھی کاروباری اداروں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں۔

او آئی سی سی آئی نے سروے میں سامنے آنے والے خدشات کے حل اور کاروباری اعتماد کی بحالی کے لیے حکومت اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ چیمبر کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔