نیویارک کے پہلے مسلم میئر اپنی زندگی کے پہلے آپریشن کے بعد اسپتال سے گھر منتقل

ممدانی نے سرجری سے پہلے بتایا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا پہلا آپریشن ہے اس لیے وہ تھوڑے گھبرائے ہوئے ہیں


ویب ڈیسک November 28, 2026
امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی ایڑی کے پٹھے کی سرجری کامیاب ہوگئی

امریکی شہر نیویارک کے 35 سالہ میئر ظہران ممدانی چند روز قبل صحافیوں کے ساتھ کھیلے گئے ایک دوستانہ فٹبال میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کی ایڑی کے پٹھے کی سرجری کی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی ایڑی کے پٹھے کی سرجری کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی جس کے بعد انہیں اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

میئر کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے آپریشن کامیابی سے کیا ہے اور ظہران ممدانی کی مکمل صحت یابی کی امید ہے۔ وہ اب گھر پر آرام کر رہے ہیں۔

سٹی ہال نے میئر کی نجی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے اس اسپتال کا نام ظاہر نہیں کیا جہاں ان کا آپریشن ہوا۔

ظہران ممدانی نے سرجری سے پہلے بتایا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا پہلا آپریشن ہے اس لیے وہ تھوڑے گھبرائے ہوئے ہیں۔ اور  یہ بھی کہا تھا کہ آپریشن کے بعد وہ چند دن آرام کریں گے۔

شیڈول کے مطابق میئر ہفتہ اور اتوار کو کسی عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے جبکہ پیر سے وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔