نواز شریف سے نہیں بلکہ ان کی ذہنیت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں عمران خان

آزادی مارچ کے دوران پتا چل رہا ہے کہ کون نظریاتی اورکون مفادات کے لئے ہمارے ساتھ شامل ہوا،چیرمین تحریک انصاف

چینی صدر کا اسلام آباد میں تاریخی استقبال کریں گے اور ان کے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی،عمران خان فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

SHANGHAI:

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ ان کی ذہنیت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جب کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی نہیں لمبا میچ ہونے والا ہے اس دوران تحریک انصاف سے فصلی بٹیریں اڑ جائیں گی اور صرف نظریاتی لوگ ساتھ کھڑے رہیں گے۔



پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ظالم اور مظلوم کے درمیان واضح تقسیم ہورہی ہے، تحریک انصاف کے اندر بھی تقسیم ہوچکی ہے اور ہمیں پتہ چل رہا ہے کہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کون کھڑا ہے اور کون ذاتی مفاد کے حصول کے لئے سونامی کا حصہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں اور تمام قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تحریک انصاف کی ٹیم کو غور سے دیکھ رہا ہوں اور آزادی مارچ سے کئی ہیرو سامنے آئے ہیں لیکن گفتگار کے غازیوں کو آئندہ ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔


چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 4 حلقے کھولنے کی بات ان سوئنگ یارکر تھی اور کہا تھا کہ حلقے نہ کھولے تو سڑکوں پر آؤں گا اور حکومت آج وہ حلقے کھولنے کے لئے تیار ہے لیکن بات بہت آگے نکل چکی ہے، نواز شریف نے 11 مئی کو جمہوریت ڈی ریل کی اور وہ بتائیں کہ الیکشن کے روز انہوں نے واضح اکثریت دلانے کا پیغام کس کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں کیا کیا ، دنیا میں کوئی ایسی جمہوریت بتائیں جہاں پولیس کے ذریعے عوام کو قتل کرادیا جائے،خیبرپختونخوا کے سرکاری نوکروں کو کہتا ہوں کہ اگر وزیراعلیٰ بھی کوئی غیرقانونی اقدامات کرنے کا کہیں تو صاف انکار کردیں۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ چینی صدر آرہے ہیں اور یہاں انہیں خوش آمدید کہیں گے اور ان کے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر ہمارے مہمان اور دوست ہیں ان کا تاریخی استقبال کریں گے۔
Load Next Story