عالمی منڈی میں گزشتہ ہفتے بیشتر اشیا کی قیمتیں گھٹ گئیں

خام تیل 2 ڈالر فی بیرل، سونا 17 ڈالر فی اونس سستا، چاندی، پلاٹینم وپلاڈیم کے نرخ بھی نیچے

تانبہ 28، لیڈ 36 اور ٹین کے دام 487 ڈالر فی ٹن کم، چینی کی قیمت 7 ماہ کی نچلی سطح پر آگئی۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی منڈی میں گزشتہ ہفتے بیشتر اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ یورپی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ کو قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی، لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اکتوبرمیں فراہمی کے لیے قیمت ایک ہفتے میں 2.07 ڈالرکی کمی کے نتیجے میں 102.89 ڈالر سے گھٹ کر 100.82 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے اکتوبر میں فراہمی کے لیے نرخ جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر 2.11 ڈالر گھٹ کر 93.29 ڈالر فی بیرل پر آگئے جو ایک ہفتے قبل 95.40 ڈالر ہو گئے۔


دوسری طرف سونے کی عالمی قیمت بھی گزشتہ ہفتے کے دوران ایک موقع پر ڈھائی ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی اور جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1268 ڈالر فی اونس ہوگئی جو ایک ہفتے قبل 1285 ڈالر فی اونس تھی، اس طرح گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت 17 ڈالر فی اونس کم ہوگئی جبکہ چاندی کے نرخ 19.47سے گھٹ کر 19.13 ڈالر فی اونس ہوگئے، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1424 ڈالر سے گھٹ کر 1406 ڈالر اور پلاڈیم کی 898 سے گھٹ کر 887 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

بنیادی دھاتوں میں سے بیشتر کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی، لندن میٹل مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران تانبے کی قیمت 28 ڈالر گھٹ کر 6 ہزار 932 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 3 ڈالر کی کمی سے 2 ہزار98 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 36 ڈالر کم ہو کر 2209 ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 487 ڈالر نیچے آ کر 21 ہزار390 ڈالر فی ٹن، قلعی کے نرخ 895 ڈالر کے اضافے سے 19 ہزار 460 ڈالر فی ٹن اور جست کی قیمت 46 ڈالر بڑھ کر 2ہزار395 ڈالر فی ٹن ہو گئے۔

گزشتہ ہفتے عالمی مارکیٹ میں چینی کی وافر سپلائی کے باعث ایک موقع پر نرخ 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے اور جمعہ کو ہفتہ وار کاروبار کے اختتام پر چینی کی قیمت 12 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں 427 ڈالر سے گھٹ کر 415 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔
Load Next Story