آسٹریلوی بھیڑوں سے پاکستانی میٹ انڈسٹری کو 15لاکھ ڈالر کا نقصان

پاکستان میں فی کلوگوشت 7ڈالرہے،بھیڑوں سے 212ٹن گوشت برآمد کرنے سے 15لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے

پاکستان میں فی کلوگوشت 7ڈالرہے،بھیڑوں سے 212ٹن گوشت برآمد کرنے سے 15لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

آسٹریلوی بھیڑوں کی درآمد سے پاکستانی میٹ انڈسٹری کو 15لاکھ ڈالر کے ریکارڈ نقصان سے دوچارکردیا۔

برآمدات کو پہنچنے والے اس بھاری نقصان کے باوجود وفاقی وزارت تجارت خاموش تماشائی کا کردار اداکررہی ہے، بحرین سے کراچی کی بندرگاہ تک اوشین ڈروور نامی بحری جہاز کا سفر آسٹریلوی بھیڑوں کے لیے موت کا سفر ثابت ہوا۔ بھیڑوں کو بیمارقراردیتے ہوئے 7667بھیڑیں ذبح کرکے دفنا دی گئیں،بحرین سے کراچی تک کے سفر کے دوران بھیڑوں کی تعداد میں 1500تک کمی ہوئی اور بحرین سے روانہ ہونے والی 22ہزار بھیڑیں پاکستان پہنچ کر 20ہزار 468رہ گئیں۔ گزشتہ روز کی جانے والی گنتی کے بعد مزید 1495بھیڑیں لاپتہ ہیں۔


تلف کردہ اور لاپتہ بھیڑوں کی تعداد ملاکر10ہزار 600سے تجاوز کرچکی ہے جس کی مالیت 6 کروڑ 60لاکھ روپے سے زائد ہے۔ پاکستان میں موجود اور تلف شدہ بھیڑوں کی ملکیت کے بارے میں آسٹریلوی کمپنی پہلے ہی دستبرداری کا اعلان کرچکی ہے آسٹریلوی کمپنی کے مطابق یہ بھیڑیں اب پاکستانی کمپنی کی ملکیت ہیں اور ان کا نقصان پاکستانی درآمد کنندگان کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔ میٹ انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق بھیڑوں کی تلفی اورلاپتہ ہونے سے پاکستان کی میٹ انڈسٹری کو15لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

آسٹریلوی بھیڑوں سے اوسطاً 20کلو گرام گوشت حاصل ہوتاہے جس کی پاکستانی گوشت کی خریداری مارکیٹ میں اوسط قیمت 7ڈالر فی کلو ہے 10ہزار 600بھیڑوں سے 212ٹن گوشت بیرون ملک برآمد کیا جاتا جس سے 15لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوتا پاکستان کی ابھرتی ہوئی میٹ انڈسٹری کو پہنچنے والے نقصان پر وفاقی وزارت تجارت تاحال خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے بھیڑوں کی درآمد میں متعلقہ اداروں کی غفلت اور غیرذمے داری کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، میٹ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھیڑوں کی درآمد کی مکمل تحقیقات کی جائے اور ذمے داران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story