فلمی ستارے اور فلک کے تارے

بالی وڈ کے اعلیٰ بعض تعلیم یافتہ اداکار بھی ستاروں پر اور اس قسم کی دوسرے توہمات پر اندھا یقین رکھتے ہیں،

بالی وڈ کے اسٹار، جو فیشن کے معاملے میں اپنے اپنے برج کی پیروی کرتے ہیں فوٹو : فائل

کچھ لوگ برج یا ستاروں پر بالکل یقین نہیں رکھتے اور کچھ ایسے بھی ہیں جو اپنی زندگی ستاروں کی چال کے حوالے سے کی جانے والی پیش گوئیوں کے تابع گزارتے ہیں۔

عام لوگ تو ایک طرف بالی وڈ کے اعلیٰ بعض تعلیم یافتہ اداکار بھی ستاروں پر اور اس قسم کی دوسرے توہمات پر اندھا یقین رکھتے ہیں، جیسے سلمان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی ہر فلم کی ریلیز عید کے موقع پر کرتے ہیں، کیوں کہ ان کے خیال میں عید ان کے لئے لکی ثابت ہوتی ہے اور ان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ہٹ ہوجاتی ہے۔ اسی طرح عامر خان اپنی فلم کی ریلیز کے لئے دسمبر کے مہینہ کو خوش قسمت قرار دیتے ہیں، شاہ رخ خان دیوالی کے موقع پر اپنی فلم ریلیز کرتے ہیں۔ بہت سے فلم ستارے تو اپنے دن کا آغاز ہی اپنے ستارے کا حال پڑھ کر کرتے ہیں۔ ان میں توہم پرست اداکاروں کی تعداد زیادہ ہے۔

بالی وڈ کے آج کے بے انتہا ماڈرن اور تعلیم یافتہ اداکار اپنے فیشن یا ڈریسنگ سینس کے لیے بھی اپنے اپنے برج کو فالو کرتے ہیں اور ایسا ہی لباس یا رنگ پہننے کو ترجیح دیتے ہیں جو ان کے برج کے حساب سے موزوں ہو۔ عام زندگی میں تو وہ اسی کو فالو کرتے ہیں، لیکن ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ فلموں میں ممکنہ طور پر وہ رنگ یا لباس استعمال کریں جو ان کے ستارے سے مطابقت رکھتا ہو۔ یہاں ہم بولی وڈ کے چیدہ چیدہ ان اسٹارز کا ذکر کریں گے جن کے فیشن اور اسٹائل میں ان کے ستاروں کا بہت زیادہ عمل دخل ہے:

حملAries)): ایریز کا برج سائن آگ ہے۔ اس ستارے کے حامل لوگ خودمختار ی اور آزادی کو پسند کرتے ہیں۔ چیلنج کا سامنا کرنے میں یہ کبھی نہیں گھبراتے کسی کی مدد کے بغیر اپنا ہر کا م خود ہی کرنا پسند کرتے ہیں اور کسی کی مداخلت کو بالکل بھی برداشت نہیں کرتے ۔ اجے دیوگن اور رانی مکھرجی برج حمل سے تعلق رکھتے ہیں اس اعتبار سے دیکھا یہ گیا ہے کہ اجے اپنی اپیرنس کے لحاظ سے بولڈ سمجھے جاتے ہیں۔

اسی لیے وہ سیاہ ، سفید اور لال رنگ کو اپنے لیے بہترین تصور کرتے ہیں، کیوں کہ برج حمل سے وابستہ افراد کے لیے یہ رنگ موزوں ترین سمجھے جاتے ہیں۔ اجے دیوگن کی وارڈ روب میں لال، کالے اور سفید رنگ کے کپڑوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ خواتین میں برج حمل کی بہترین مثال رانی مکھرجی کی ہے اور وہ بھی سفید، سیاہ اور لال رنگ کے آرام دہ کپڑے پہننا پسند کرتی ہے۔ رانی کو اسٹائل یا فیشن سے زیادہ دل چسپی نہیں بل کہ اپنے برج کے مطابق آرام دہ چیزوں کو زیادہ پسند کرتی ہے۔

ثورTauraus)): بالی وڈ کے نئے اسٹار ورون دھون آج کل نئی نسل کی پسندیدہ سیلیبریٹی بن چکے ہیں۔ ورون پہناوے کے معاملے بے حد کانشسنس ہیں اور کوشش یہی کرتے ہیں کہ عام لباس میں بھی خوب صورت نظر آئیں۔ اسی لئے ورون کی وارڈروب میں شوخ اور کھلتے ہوئے رنگوں کے ملبوسات کی تعداد زیادہ ہے، جو دیکھنے میں بھی اچھے لگتے ہیں بلکہ پہن کر آرام دہ محسوس ہوتے ہیں۔ برج ثور کی خواتین میں انوشکا شرما ایک پرفیکٹ ثور لڑکی ہے۔ ایکٹیو، فٹ اور اسمارٹ انوشکا ہر ٹورس عورت کی طرح اپنے لباس کے معاملے بے انتہا کانشسنس ہے۔ ٹورس خواتین ایسا لباس پسند کرتی ہیں جن میں ان کی لمبی ٹانگیں نمایاں ہوں۔ اس کے کھلتے ہوئے اور شوخ رنگ ان کے پہناوے کا حصہ ہوتے ہیں۔

جوزاGemini)): بالی وڈ کے سب سے کام یاب ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کرن جوہر ایک پرفیکٹ جوزا مرد ہیں۔ جوزا مرد اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اچھا اور خوب صورت لباس پاورفل حیثیت رکھتا ہے۔ کرن بھی اس بات سے بہ خوبی فائدہ اٹھاتے ہیں اور اپنے برج کے حساب سے زیادہ تر بلیک کلر کا لباس ہی پہنتے ہیں۔ جوزا خواتین کی بہترین مثال سونم کپور کی ہے، جسے فلم انڈسٹری میں فیشن کی جدید ڈکشنری بھی کہا جاتا ہے۔ سونم اپنے عام لباس کے معاملے بالکل بھی پرواہ نہیں کرتی لیکن ایک سیلیبریٹی کی حیثیت سے وہ اس بات سے بہ خوبی آگاہ ہے کہ اس کا لباس اور انداز کیسا ہونا چاہیے۔ سونم اپنے لباس میں کنٹراس اور میچنگ کو خاص اہمیت دیتی ہے اور ایسے رنگوں کا انتخاب کرتی ہے جن سے اس کی مکمل شخصیت نمایاں ہوسکے اور یہ ہی جوزا خواتین کی خصوصیت ہے۔

سرطانCancer)): برج سرطان کے حامل اداکار رنویر سنگھ کو اپنے برج کے حساب سے جدید فیشن سے کوئی لگاؤ نہیں۔ سرطان مرد فیشن کے بجائے ایسے لباس پہننا پسند کرتے ہیں جنہیں وہ اپنے لیے بہتر سمجھتے ہیں، خواہ ان کا فیشن ہو یا نہیں اس بات سے ان کو کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ اسی لیے رنویر بھی بڑی سے بڑی گیدرنگ میں بھی اپنے پسندیدہ لباس جینز اور جیکٹ ہی میں نظر آتے ہیں۔ سرطان خواتین اس کے بالکل متضاد ہوتی ہیں۔برج سرطان کی حامل خواتین ایسا لباس پسند کرتی ہیں جن سے ان کا پورا جسم چھپ جائے یہ خواتین سلک اور ویلوٹ کی لمبی مکسی میں خود کو آرام دہ تصور کرتی ہیں۔ کترینہ کیف بھی لباس کے معاملے میں اپنے برج کو فالو کرتی ہے ۔


اسدLeo)): اسد مرد بادشاہوں کی طرح زندگی گزارانا پسند کرتا ہے۔ اس کی ہر چیز میں امارت اور خود نمائی جھلکتی ہے اور اس کی بہترین مثال سیف علی خان ہے جو اسد مرد کی ان خصوصیات پر پورا اترتا ہے۔ برج اسد کے مطابق وہ نوابی اور شاہانہ لباس پہننے کو ترجیح دیتا ہے۔ برانڈڈ اور لیبلز لباس اسے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ اسی لئے کسی عام سی گیدرنگ میں بھی ان کے لباس میں ایک شاہانہ اور قیمتی پن صاف نظر آتا ہے۔

برج اسد کی حامل اداکارہ کاجول اپنے برج کو بہت حد تک فالو کرتی ہے۔ اس برج کی خواتین نمایاں رہنے کی کوشش کرتی ہیں اور بہت جلد لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتی ہیں۔ کاجول کو بھی خود پر دوسروں کا توجہ دینا اچھا لگتا ہے۔ اپنے برج کے حساب سے اورنج، گولڈن اور سیاہ اس کے پسندیدہ شیڈز ہیں۔ جھلمل کرتا لباس کاجول کا پسندیدہ پہناوا ہے۔ ساتھ ہی اسے جیولری سے بھی بے حد لگاؤ ہے اور وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ پہنے رکھتی ہے خواہ وہ کسی جیولری کا سنگل پیس ہی کیوں نہ ہو ۔

سنبلہVirgo)): اکشے کمار ٹپیکل سنبلہ ہیں۔ وہ اپنے اسٹار کی جملہ خصوصیات پر پورا اترتے ہیں۔ سنبلہ مردوں کی طرح وہ کسی کے اسٹائل یا انداز کو کاپی نہیں کرتے بلکہ اپنا الگ انداز تخلیق کرتے ہیں۔ اکشے کے برج کے مطابق اس کے لباس میں earthy shades نمایاں ہوتے ہیں۔ جوزا خواتین میں کرینہ کپور سب سے نمایاں نظر آتی ہے۔ وہ فیشن اور ٹرینڈ سیٹر ہے اور اپنے لباس اور انداز سے ہر جگہ منفرد نظر آنا پسند کرتی ہے۔ کرینہ نیلے اور سیاہ رنگ کے علاوہ گولڈن رنگ کے لباس پہننا پسند کرتی ہے۔

میزانLibra)): برج لبرا کے حامل مرد و خواتین کا شمار خوب صورت لوگوں میں کیا جاتا ہے، اس لیے وہ اپنی خوب صورتی پر نازاں ہونے کی بنا پر لباس اور فیشن پر زیادہ توجہ نہیں دیتے۔ رنبیرکپور اس کی بہترین مثال ہے۔ اس کا اسٹائل بے پرواہ انداز لیے ہوئے ہوتا ہے۔ وہ اس بات پر زیادہ توجہ دیتا ہے کہ فیشن ان کے لیے آرام دہ ہے یا نہیں۔ میزان خواتین کی بہترین مثال ریکھا کی ہے۔ خوب صورتی اور وقار کا بہترین امتزاج ریکھا کی شخصیت میں نظر آتا ہے۔ وہ اپنے برج کے تمام رنگوں جیسے گلابی، پیچ، سفید رنگوں کو سلک کے لباس میں پہننا پسند کرتی ہیں۔

عقربScorpio)): عقر ب مردکا فیشن کے حوالے سے سینس آف ہیومر کو سمجھنا سب سے مشکل کام ہے، شاہ رخ خان اس کی مثال ہیں۔ ان کی ڈریسنگ ہر وقت متاثر کن نہیں ہوتی، لیکن وہ دن گئے جب شاہ رخ صرف اپنی تسکین اور شوق کے مطابق لباس پہنا کرتے تھے۔ اپنے اسٹار سائن کے مطابق وہ ایک موڈی شخص ہیں۔ اس لیے لباس بھی اپنے موڈ کے حساب سے پسند کرتے ہیں۔ اسٹائل اور رنگ کے بجائے وہ اس بات کو جاننا زیادہ پسند کرتے ہیں کہ جو لباس وہ زیب تن کر رہے ہیں اس کا فیبرک کون سا ہے۔

تمام برج میں صرف عقرب خواتین ہی اس بات کو زیادہ بہتر طریقے سے جانتی ہیں کہ صرف لباس سے ہی کسی کو کس طرح متاثر کیا جاسکتا ہے اور ایشوریا، اس کی بہترین مثال ہے۔ موقع کی مناسبت سے لباس کا انتخاب اس سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔ لال رنگ کے تمام شیڈ برج عقرب کی حامل اداکارہ ایشوریا کے وارڈروب میں نظر آتے ہیں۔

قوسSagittarius)): برج قوس کے حامل اداکار جان ابراہام کی ڈریسنگ میں ابھی تک ٹین ایجرز کے لباس کی جھلک نظر آتی ہے، کیوںکہ کول، casualاور آرام دہ برج قوس کے حامل مرد کا بہترین لباس ہوتا ہے۔ برج قوس کی حامل خواتین بھی سادگی کو پسند کرتی ہیں اور اس کی مثال دیا مرزا کی ہے جو شوبز کی چکا چوند میں بھی خود کو سادہ رکھنا ہی پسند کرتی ہے۔ البتہ دیا مرزا سیاہ رنگ کے لباس کو ہر طرح کا ہتھیا ر کہتی ہے۔

دلو Aquarius)): برج دلو کے حامل اداکار ابھیشیک بچن چارمنگ اور اسمارٹ پرسنالٹی کے حامل ہیں اور فیشن کے حوالے سے ان کا سینس بھی اچھا ہے۔ ابھیشیک گِرے رنگ کے تمام شیڈز پہننا پسند کرتے ہیں۔ دلو خواتین میں پریتی زینٹا ایک مکمل دلو عورت ہیں۔ ان کے سادہ اور ہلکے لباس میں بھی فینسی لک نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ بھاری جیولری استعمال کرنا پسند کرتی ہیں۔

حوت Pisces)): برج حوت کے حامل اداکار عامر خان صرف اپنی فلموں کے حوالے سے ہی کانشس نہیں رہتے بل کہ اپنے لباس اور فیشن پر بھی بھرپور توجہ دیتے ہیں۔ ان کا موٹو صرف یہی ہوتا ہے کہ جہاں جاؤں سب کی توجہ کا مرکز بن جاؤں۔ کنگنا راناوت حوت خواتین کی بہترین مثال ہیں۔ ان کی شخصیت اور لباس میں ایک پراسرایت جھلکتی ہے، جو انہیں پرکشش بناتی ہے۔ کنگنا pastelرنگ کے سلک اور شیفون کا لیس لگا لباس پہننا پسند کرتی ہیں جیولری سے انہیں کوئی خاص رغبت نہیں۔
Load Next Story