ڈبل سنچری بنا کر باریتھ ویٹ تیسرے نوعمرویسٹ انڈین بن گئے

21 سالہ اوپنر نے بنگلہ دیش کیخلاف کارنامہ انجام دیکر سوبرز اورجورج ہیڈلی کی ہمسری کرلی

21 سالہ اوپنر نے بنگلہ دیش کیخلاف کارنامہ انجام دیکر سوبرز اورجورج ہیڈلی کی ہمسری کرلی۔ فوٹو: ڈبلیو آئی سی بی

کریگ باریتھ ویٹ ڈبل سنچری داغنے والے تیسرے نوعمر ویسٹ انڈین کرکٹر بن گئے، ان سے قبل گیری سوبرز اور جورج ہیڈلی بھی کم عمری میں یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

انھوں نے اپنی اس کاوش کا کریڈٹ تجربہ کار شیونرائن چندرپال کو دیتے ہوئے کہاکہ میں یہاں ڈبل سنچری داغنے پر بہت خوش ہوں، اس کیلیے کئی ماہ سے محنت کررہا تھا،مجھے خوشی ہے کہ اس اننگز کے بعد میرا نام بھی ماضی کے عظیم پلیئرز کے ساتھ لیا جارہا ہے، ویسٹ انڈین اوپنر نے یہ کارنامہ بنگلہ دیش کیخلاف جاری ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن انجام دیا،21 سالہ باریتھ ویٹ نے 190 کے ہندسے میں انفرادی اسکور آجانے کے بعد 38 نروس گیندوں کا سامنا قدرے پراعتماد انداز میں کرتے ہوئے ڈبل سنچری کے منفرد اعزاز کو حاصل کیا۔


انھوں نے بنگلہ اسپنر محمود اللہ کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے اپنی اننگز کے 200رنز مکمل کیے، دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں باریتھ ویٹ نے کہا کہ میرے لیے سب سے پہلی چیز اپنی ڈبل سنچری کومکمل کرنا تھا، وکٹ پر گیند اوپر اٹھ رہی تھی اوراس پر رنز اسکورکرنا آسان نہیں تھا لیکن ایسے میں وکٹ کے دوسرے اینڈ پر میرے ہمراہ موجود شیونرائن چندرپال نے مجھے پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس مرحلے پر کچھ نیا کرنے کی کوشش نہیں کروں، انھوں نے مجھے باور کرایا کہ تم نے سخت محنت کرکے اپنے انفرادی اسکور کو 190 کے ہندسے تک پہنچایا ہے لہذا ذمے داری کا مظاہرہ کرو، انھوں نے مجھے کہا کہ پریشان ہوئے بغیر فائٹ کرتے رہو، باریتھ ویٹ نے مزید کہا کہ تجربہ کار چندرپال کی ان باتوں سے وکٹ پر رہتے ہوئے مجھے بڑا حوصلہ ملا ۔
Load Next Story