نیول ڈاکیارڈ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام 2 حملہ آور ہلاک اور4 گرفتار ترجمان پاک بحریہ

ہفتہ کی رات دہشت گردوں نے ڈاکیارڈ پر حملہ کردیا جس کے دوران ایک افسرشہید جبکہ 6 جوان زخمی ہوئے، ترجمان پاک بحریہ

ہفتے کی شب نامعلوم حملہ آوروں نے جدید اسلحہ سے لیس ہو کر نیوی ڈاکیارڈ پر حملہ کیا، ترجمان پاک بحریہ فوٹو؛فائل

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول ڈاکیارڈ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیاگیا جب کہ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور ہلاک اور ایک افسر نے جام شہادت نوش کیا۔


پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ہفتے کی شب نامعلوم حملہ آوروں نے جدید اسلحہ سے لیس ہو کر نیوی ڈاکیارڈ پر حملہ کردیا اور نیوی ڈاکیارڈ میں داخلے کی کوشش کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور ہلاک جبکہ 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف ہمت و بہادری سے لڑتے ہوئے ایک افسر نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 6 جوان زخمی بھی ہوئے۔


ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے نماز فجر کے وقت نیوی ڈاکیارڈ میں لنگر انداز بحری جہاز پر حملہ کیا گیا اور دہشتگردوں کی جانب سے بھرپور فائرنگ کی گئی جبکہ ایس ایس جیز کمانڈوز نے 2 گھنٹے میں دہشگردوں پر قابو پالیا تھا تاہم 8 گھنٹے میں آپریشن مکمل کر کے بحری جہاز کو کلئیر کردیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے پاس بڑی تعداد میں ہینڈ گرینیڈ اور کلاشنکوفیں تھیں اور حملہ کراچی ایئرپورٹ اور مہران بیس حملے کی طرز کا تھا جس میں پہلے ہینڈ گرینیڈ اور پھر فائرنگ کرتے ہوئے دہشتگردوں نے اپنے ہدف کی جانب پہنچنے کی کوشش کی۔



واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ماضی میں بھی پاک فوج اور فضائیہ کی اہم عمارتوں پر حملے کئے گئے اور اسی قسم کی ایک کوشش نیوی ڈاکیارڈ پر کی گئی جسے جواں مردی سے لڑتے ہوئے نیوی کے جوانوں نے ناکام بنا دی۔


 
Load Next Story