ٹینس رینکنگ کائی نیشکوری کی ٹاپ 10 میں واپسی

ویمنز میں لینا 3 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئیں، سرینا اور جوکووک سرفہرست

ویمنز میں لینا 3 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئیں، سرینا اور جوکووک سرفہرست۔ فوٹو: فائل

ٹینس کی نئی عالمی رینکنگ میں جاپانی پلیئر کائی نیشکوری کی ٹاپ 10 میں واپسی ہوگئی۔

چینی اسٹار لینا 3 درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پرچلی گئیں، یوایس اوپن فائنلسٹ مارن کلک بھی ترقی کے 4 زینے طے کرکے 12ویں نمبر پر پہنچ گئے، ویمنز سنگلز میں یوایس اوپن میں ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والی سرینا ولیمز کی بادشاہت برقرار ہے جبکہ مینز سنگلز میں جوکووک بدستور نمبرون ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نئی ورلڈ ٹینس رینکنگ کے مینز سنگلز میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلم کے فائنل تک پہنچنے والے ایشین پلیئر جاپان کے کائی نیشکوری کی ٹاپ 10 میں واپسی ہوگئی، سیزن کے اختتامی گرینڈ سلم میں عمدہ پرفارمنس کا صلہ انھیں 3 درجے ترقی کی صورت میں ملا، جس پر وہ11سے آگے بڑھ کر8ویں پوزیشن پر فائز ہوگئے، سربیا کے نووک جوکووک بدستور پہلے، رافیل نڈال دوسرے اور سوئس ماسٹر راجرفیڈرر تیسرے نمبر پر ہیں۔


آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے بھی چوتھی پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمارکھے ہیں، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے میلوس رائونک کو پیچھے دھکیل کر چھٹی پوزیشن حاصل کرلی، کینیڈین اسٹار رائونک ایک قدم پیچھے ہٹنے پر 7ویں نمبر پر چلے گئے، بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف بھی ایک درجے تنزلی پر 9 ویں پوزیشن پر چلے گئے، اینڈی مرے تنزلی کے باوجود ٹاپ ٹین کے آخری شریک بنے ہوئے ہیں، مارن کلک کو چار درجے ترقی نے 12 ویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، جوئے ولفریڈ سونگا 11ویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں ابتدائی 2 پوزیشنز پر حسب سابق سرینا ولیمز اور سیمونا ہالیپ کا قبضہ ہے، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے ایک قدم آگے بڑھ کر تیسرا درجہ حاصل کر لیا، روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے 2 درجے ترقی ملنے پر چوتھی پوزیشن حاصل کی، پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا بدستور پانچویں نمبر پر رہیں، چینی اسٹار لینا کو 3 درجے تنزلی نے یکدم چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیا، کینیڈا کی خوبرو ایوگینی بوچارڈ نے جرمن پلیئر اینجلیک کیربر سے پوزیشنز کا تبادلہ کرتے ہوئے 7واں نمبر حاصل کرلیا۔

کیربر کو تنزلی پر آٹھویں نمبر پر جانا پڑگیا، یوایس اوپن کی رنراپ کیرولین ووزینسکی 2 درجے ترقی ملنے پر 9ویں پوزیشن پر براجمان ہوگئیں، سربیا کی اینا ایوانووک ایک درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ ٹین میں شامل رہیں ، اطالوی پلیئر سارا ایرانی نے 2 درجے بہتری ملنے پر 12 ویں پوزیشن پا لی، جیلینا جینکووچ 11ویں نمبر پر رہیں، سلواکین پلیئر ڈومنیکا سبولکوا پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی 13ویں نمبر پر ہیں۔

لوسیا سفارووا بھی ایک قدم آگے بڑھ کر 14ویں نمبر پر آگئیں، روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے 3 درجے ترقی پر 15ویں پوزیشن لے لی، فلاویا پنیٹا کو 4 درجے تنزلی نے 16ویں پوزیشن پر دھکیل دیا، جرمنی کی آندریا پیٹکووک 2 درجے بہتری کے بعد 17ویں نمبر پر فائز ہوگئیں، کارلا سواریز نیوارو اتنے ہی قدم پیچھے ہٹنے پر 18 نمبر پر چلی گئیں، وینس ولیمز نے ایک درجے بہتری پر 19 جبکہ سمانتھا اسٹوسر نے بھی ایک قدم آگے بڑھ کر 20ویں پوزیشن ہتھیالی۔
Load Next Story