سوہاگ غازی کے بعد بنگلہ دیش کے بالر الامین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار

الامین کو21 روز کے اندر ٹیسٹنگ پروسیس سے گزرنا ہوگا تاہم اس دوران ان پر باؤلنگ کرانے پر پابندی نہیں ہوگی،آئی سی سی

بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر الامین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا۔ فوٹو فائل

ایشین بالرز کے لیے یہ سال دردناک ثابت ہوا ہے۔ جادوگر پاکستانی آف اسپینر سعید اجمل گزشتہ روز آئی سی سی کی پابندی کا شکار ہوئے اور اب بنگلہ دیشی بالر الامین بھی عتاب کا شکار ہوگئے۔

بنگلہ دیشن کا دورہ ویسٹ انڈیز ایک طرف تو کھلاڑیوں کی خراب کارگرگی کی وجہ سے شائقین کے لیے مایوس کن ثابت ہوا تو دوسری طرف دو بالرز کے باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیئے جانے پر ان کی شکست کا غم اور بھی گہرا ہوگیا۔ ایک روزہ میچز میں شکست کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ میں عبرتناک شکست نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے حوصلوں کو اور بھی پست کردیا ہے۔


سینٹ وینسنٹ میں کھیلے گئے دوسرے میچ کے دوران میچ آفیشل کی جانب سے بنگلہ دیشی فاسٹ بالر الامین کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھائے گئے جس کے بعد ان کی رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو دے دی گئی ہے۔ آئی سی سی نے رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ الامین کے باؤلنگ ایکشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے انہیں 21 روز کے اندر ٹیسٹنگ پروسیس سے گزرنا ہوگا تاہم اس دوران ان پر باؤلنگ کرانے پر پابندی نہیں ہوگی اور وہ ٹیسٹ کے نتائج آنے تک انٹرنیشنل میچز میں باؤلنگ کرسکتے ہیں۔

24 سالہ الامین ابھی تک صرف 4 ٹیسٹ میچز میں ہی بنگلہ دیش کی نمائندگی کر پائے ہیں۔ الامین سے قبل ایک روزہ سیریز کے دوران بنگلہ دیشی آف اسپینر سوہاگ غازی کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دیا گیا تھا، اگلے ہفتے وہ بھی آسٹریلیا میں ٹیسٹنگ پروسیس سے گزریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غازی کو بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم کو 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑاتھا جبکہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی انہیں دس وکٹوں کی شرمناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
Load Next Story