یورو فٹبال کوالیفائر میں جمہوریہ چیک نے نیدر لینڈز کے دانت کھٹے کردیے

ورلڈ کپ سیمی فائنلسٹ ٹیم کو 1-2 سے شکست، اٹلی نے ناروے پر 2-0 سے غلبہ پالیا، آئس لینڈ کی ترکی پر 3-0 سے فتح

ورلڈ کپ سیمی فائنلسٹ ٹیم کو 1-2 سے شکست، اٹلی نے ناروے پر 2-0 سے غلبہ پالیا، آئس لینڈ کی ترکی پر 3-0 سے فتح۔ فوٹو: فائل

یورو2016 کوالیفائر میں جمہوریہ چیک نے نیدرلینڈز کے دانت کھٹے کردیے، ورلڈ کپ سیمی فائنلسٹ ٹیم 1-2 سے شکست کا شکار ہوگئی۔

اٹلی نے میزبان ناروے پر 2-0 سے غلبہ پالیا، آئس لینڈ نے 3-0 کی فتح سے ترکی کے ارمان ٹھنڈے کردیے۔ ویلز نے آندورا کو2-1 سے زیر کیا، قبرص نے بوسنیا ہرزیگووینیا کیخلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی جبکہ آذربائیجان کو بلغاریہ نے 2-1 سے پچھاڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پراگ میں میزبان کھلاڑی ڈیوڈ لیفاٹا نے ساتھی پلیئر ڈوکویل کو عمدہ پاس دیا، جس پر انھوں نے گول پوسٹ سے 18 میٹرز کی دوری سے بائیں پاؤں سے کک لگاکرگیند کوجال میں پہنچادیا، ڈچ پلیئر ڈی ورج نے پیٹر چیک کو ڈاج دینے والے ڈیلی بلینڈ کے عمدہ کراس پرہیڈرکے ذریعے گیند کو جال کے سپرد کرکے مقابلہ برابر کیا۔

ورلڈ کپ فائنلز کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے والے جمہوریہ چیک نے ہمت نہیں ہاری اور پے درپے حملے کرتا رہا، اختتامی لمحات میں ڈچ پلیئر ڈیرل جینمٹ نے ہیڈر کے ذریعے گیند اپنے گول کیپر جیسپرسیلیسن کو واپس لوٹائی جس پر ری بائونڈ پر جمہوریہ چیک کے پیلار نے باآسانی گیند کومنزل تک پہنچادیا، پاویل وربا کی زیرکوچنگ جمہوریہ چیک کی یہ پہلی فتح ہے، انھوں نے جنوری میں یہ ذمے داری سنبھالی تھی، وہ آئندہ دیگر کوالیفائنگ میچز میں ترکی اور قازقستان سے مقابلوں میں بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔


ورلڈ کپ کوالیفائرز میں 9 میچز جیتنے اور ایک ڈرا کھیلنے والی ڈچ ٹیم آئندہ ماہ اوے کوالیفائنگ میچز میں آئس لینڈ اور قازقستان کا سامنا کرے گی۔ ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن پانے والی ٹیم کو اس مہم میں نئے کوچ گس ہیڈنک کا ساتھ میسر ہے، جنھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو جوائن کرنے والے لوئس وان گال کی جگہ یہ ذمے داریاں سنبھالی، دوسری مرتبہ نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے ہیڈنک کی زیرسربراہی ڈچ ٹیم کو اس سے قبل دوستانہ میچ میں اٹلی کے ہاتھوں بھی 0-2 سے ناکامی کی خفت کا سامنا رہا تھا،اسے حالیہ مقابلے میں ورلڈ کپ اسٹارز آرجین روبن، کلاس جین ہنٹیلار اور رون ویلار کا ساتھ میسر نہیں تھا، کوچ ہیڈنک نے کہا کہ میچ کے اختتامی منٹ میں گول کے سبب ناکام ہونا مایوس کن رہا۔

دوسری جانب اوسلو میں سابق ورلڈ چیمپئن اٹلی نے ناروے کو 2-0 سے قابو کرلیا، سیمون زازا اور لیونارڈو بونیسی نے گول کیے، دوسری مرتبہ اطالوی ٹیم کی نمائندگی کا موقع پانے والے اسٹرائیکر زازا نے کھیل کے 16ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی، دفاعی پلیئر بونیسی نے 62ویں منٹ میں مہمان ٹیم کیلیے دوسرا گول بنایا،کونٹے نے سیسا پرانڈیلی کی زیرکوچنگ ورلڈ کپ میں یوروگوئے کے ہاتھوں0-1 سے شکست کھانے والی اطالوی ٹیم میں6 تبدیلیاں کیں، ماریو بالوٹیلی کی معطلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساسولو کلب کے اسٹرائیکر زازا کو دوسری مرتبہ اٹلی کی جرسی زیب تن کرنے کا موقع ملا۔

23 سالہ اسٹرائیکر نے اپنا پہلا انٹرنیشنل گول بناکر ٹیم کو برتری دلائی، میڈا ڈی سیگلیو نے بائیں جانب سے موو بناتے ہوئے گیند کو زازا تک پہنچایا اور انھوں نے ناروے کے دفاعی حصار کو منشتر کرتے ہوئے بائیں پاؤں کی کک سے اسے جال کی راہ دکھادی۔ قازقستان اور لٹویا کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، آئس لینڈ نے ترکی پر 3-0 سے فتح پائی، ویلز نے آندورا کو 2-1 سے زیر کیا، قبرص نے بوسنیا ہرزیگووینیا کیخلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی، آذربائیجان کو بلغاریہ نے 2-1 سے پچھاڑ دیا اورکروشیا نے مالٹا کو 2-0 سے مات دے دی۔
Load Next Story