برآمدات سکڑ اور درآمدات بڑھ گئیں تجارتی خسارے میں جولائی تا اگست 28 فیصد کا اضافہ

2ماہ کاخسارہ3ارب 30کروڑسے بڑھ کر4 ارب 24 کروڑ ڈالر ہوگیا،برآمدات 6 فیصد کمی سے 3ارب 84 کروڑ، درآمدات9فیصد اضافے...

اگست میں ایکسپورٹ 3.6 فیصد کی کمی سے 1 ارب 91 کروڑ، درآمدات 32 فیصد اضافے سے 4 ارب 72 کروڑ اور خسارہ 77 فیصد بڑھ کر 2 ارب 81 کروڑ رہا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
پاکستان کو جولائی اور اگست کی تجارت میں 4 ارب 24 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3 ارب 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے خسارے سے 28.26 فیصد زیادہ ہے۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران برآمدات کی مالیت 5.84 فیصد کی کمی سے 3 ارب 84 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4 ارب 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس دوران درآمدی بل 9.44 فیصد کے اضافے سے 8 ارب 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگیا جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران 7 ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔


رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان کی برآمدات 3.63 فیصد کی سال بہ سال کمی سے 1 ارب 91 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ اگست 2013 میں 1 ارب 98 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی اشیا برآمد کی گئی تھیں، اگست 2014 میں بیرون ملک سے 32.08 فیصد کے اضافے سے 4 ارب 71 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اشیا درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں اشیا کی درآمد 3 ارب 57 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک محدود رہی تھی۔

اس طرح اگست میں پاکستانی تجارت کو 76.65 فیصد کے سال بہ سال اضافے سے 2 ارب 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جوگزشتہ سال کی اسی ماہ میں 1 ارب58 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا جبکہ جولائی 2014 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ تجارتی خسارے میں 95.75 فیصد اور درآمدات میں 40.25 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 0.98 فیصد کمی ہوئی، جولائی 2014 میں برآمدات 1 ارب 93 کروڑ ڈالر، درآمدات 3 ارب 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
Load Next Story