مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں سیلاب متاثرین تاحال امداد کے منتظر 200افراد لاپتہ

سیلاب نے سری نگر کو تباہ و برباد کردیا، پہاڑی علاقوں کے راستے بند ہیں، حکام

7 اضلاع میں عدالتی نظام مفلوج، بھارتی حکومت کشمیریوں کی نجات دہندہ نہیں، یاسین ملک، بھارت منفی پروپیگنڈا بند کرے، علی گیلانی فوٹو: اے ایف پی

SIALKOT:
مقبوضہ کشمیر کا بیشتر حصہ سیلاب کے پانی سے مکمل طور پر تباہ جب کہ 5 لاکھ سیلاب زدگان اب بھی امداد کے منتظراور 200 سے زائد افرادلاپتہ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ سیلابی پانی تو اترنا شروع ہوگیا لیکن اس کے ساتھ ہی شہر کی تباہی کے آثار بھی نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں، پہاڑی علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد محصور ہیں کیونکہ سیلابی پانی سے کٹاؤ کے باعث ان علاقوں میں آمدو رفت کے راستے بند ہوگئے ہیں۔


آئی این پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں امدادی سرگرمیوں میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ موسلادھار بارشوں اور 60برس کے عرصے میںآنے والے بدترین سیلاب کی شدت تو کم ہوگئی تاہم ایک ہفتے بعد بھی کشتواڑ اور ڈوڈا سے لاپتا ہونے والے 200 افراد کا کوئی پتا نہیں چلایا جاسکا، صرف ڈوڈا میں343 افراد کے محصور ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں 45طلبا بھی شامل ہیں۔ ادھر حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے سیلاب میں پھنسے لاکھوں افراد کی بحالی کے لئے مدد کی اپیل کی ہے۔ حریت رہنماؤں کے مطابق ہزاروں دیہات مکمل طورپر تباہ ہوچکے ہیں جب کہ سیلاب کے دوبارہ زور پکڑنے کی صورت میں مزید دیہات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے کشمیر کے 7 اضلاع میں عدالتی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا۔ سری نگر کی صدر کورٹ اور ہائی کورٹ کمپلیکس میں سیلابی پانی کھڑا ہے۔ اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اعتراف کیا کہ شدید سیلاب نے سرکاری مشینری ناکام بنا دی ہے۔ اے پی پی کے مطابق جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے متاثرین سیلاب کے لیے سری نگر کے علاقے بڈشاہ کدل میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا۔ مائسمہ کے علاقے میں محمد یاسین کا گھر بھی زیر آب آ چکا ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا اس وقت دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی نجات دہندہ ہے لہٰذا اس پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

آن لائن سے ٹیلی فونک گفتگو میں چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل چکی ہے، بھارت منفی پروپیگنڈا بند کرے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیاگیا ہے، اقوام متحدہ کے ادارے فوری امداد کیلیے ایکشن لیں، اس وقت لاکھوں افراد کے سروں پر چھت تک نہیں ہے، مسلمان ممالک بھی اپنا کردار ادا کریں۔
Load Next Story