لوگ فلموں سے زیادہ میرے لباس اور دوستوں میں دلچسپی رکھتے ہیں سونم کپور
بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے کہا ہے کہ لوگ فلموں سے زیادہ میرے لباس اور دوستوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونم کپور کا اپنے ایک انٹر ویو میں کہنا تھا کہ میں دوسرے اداکاروں کی نسبت کم فلمیں کرتی ہوں اور میری ہر فلم کے درمیان کافی وقفہ ہوتا ہے, یہی وجہ ہے کہ لوگ میرے حوالے سے باتیں کرتے ہیں کہ فلاں فلم میں سونم نے کون سا لباس پہنا تھا اور فلاں ریڈ کارپٹ یا فلم فیسٹیول کے دوران سونم کو فلاں لڑکے کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اگر میں بھی دوسرے فنکاروں کی طرح ایک کے بعد ایک فلم کرنے لگ جاؤں تو لوگوں کو میرے فیشن اور نجی زندگی کے حوالے سے باتیں کرنے کا موقع ہی نہیں مل سکے گا۔
سونم کپور نے کہا کہ میں ہر وقت کام نہیں کر سکتی کیونکہ فلمی زندگی کے علاوہ بھی میری ایک زندگی ہے جسے میں بہت پسند کرتی ہوں، لوگ فلموں سے زیادہ میرے لباس اور میرے دوستوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو کچھ میرے حوالے سے لکھا جاتا ہے میں اسے اپنے سر پر سوار نہیں کرتی بلکہ اس سے محظوظ ہوتی ہیں۔