حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہےگا کارکن بے شک بھوک ہڑتال کریں طاہر القادری

انقلاب اس ملک میں ظلم و ستم کا خاتمہ کرے گا اور آنے والا نظام ایک ایک ظلم کا بدلہ لے گا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

موجودہ حکومت جتنا جھوٹ بول رہی ہے اتنا تو کسی آمر نے بھی نہیں بولا ہوگا، طاہر القادری۔ فوٹو : آن لائن

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب تک حکومت ختم نہیں ہوجاتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا اس دوران بے شک کارکنان بھوک ہڑتال کرسکتے ہیں۔


اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ظلم، جبر اور بربریت کی حد کردی ہے، ہمارے کارکنوں پر گولیاں ماری گئیں اور ریکارڈ کو چھپانے کے لئے ان کی گولیاں نکالی ہی نہیں گئیں کیونکہ پمز میں مسلم لیگ (ن) کا قبضہ ہے، اسپتال کے سربراہ کے بھائی اور بھابھی لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ صبح شام پریس کانفرنس اور پارلیمنٹ میں عوام سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت جتنا جھوٹ بول رہی ہے اتنا تو کسی آمر نے بھی نہیں بولا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران پنجاب بھر سے 2ہزار 331 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 ہزار 373 افراد کو نامعلوم قرار دے کر مقدمے درج کئے گئے اور چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ نامعلوم پرچوں کی بنیاد پر جسے چاہیں حراست میں لے لیں۔ اس کے علاوہ ہماری 32 گاڑیاں پولیس کے قبضے میں ہیں.

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ گرفتاریاں اور جھوٹے مقدموں کا اندراج آئین کے کس آرٹیکل کے تحت درج کررہے ہیں۔ اگر اسے جمہوریت کہتے ہیں تو وہ جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں۔ ملک کے عوام کے ذریعے آنے والا انقلاب اس ملک میں ظلم و ستم کا خاتمہ کرے گا اور آنے والا نظام ایک ایک ظلم کا بدلہ لے گا۔
Load Next Story