پولیس نے 3 ٹارگٹ کلر سمیت 15 جرائم پیشہ گرفتار کرلیے

کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلرشکیل برمی نے 3 افراد کو قتل کیا، ٹارگٹ کلر طاہر عرف پنجابی نے خاتون سمیت 2 افراد کو ہلاک کیا

پولیس نے ٹارگٹ کلرسہیل عرف گاما اور 4 جرائم پیشہ پکڑلیے، ڈکیت گروہ کا سرغنہ عامر علی گرفتار کرلیا، ڈی آئی جی ایسٹ فوٹو: فائل

ایسٹ زون پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ٹارگٹ کلرز سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث15 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد کرلی۔

گرفتار ٹارگٹ کلرز 10 افراد کے قتل میں ملوث ہیں جرائم پیشہ ملزمان نے 80 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، یہ بات ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ نے پریس کانفرنس میں بتائی انھوں نے کہا کہ گلشن اقبال پولیس نے کالعدم تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلر محمد شکیل برمی کو گرفتار کر کے پستول اور گولیاں بر آمد کرلی، ٹارگٹ کلر نے 1994 میں ساتھیوں راشد، عارف، پرویز، مجاہد ارشد فاروقی کے ساتھ مل کر اہل تشیع فرقے سے تعلق رکھنے والے سعید آباد کے رہائشی 2 سگے بھائیوں اور نورا مام شخص کو قتل کیا، ملزم ماضی میں بھی سنگین مقدمات میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا ہے، شبہ ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر حالیہ فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔


گلستان جوہر پولیس نے ٹارگٹ کلر طاہر عرف پنجابی کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں برآمد کر لی ہیں ملزم نے 3 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے2007 میں چشتی نگر میں ایک شخص کو قتل کیا، ورائٹی سوسائٹی کے قریب ملزم نے زہرہ نامی خاتون کو قتل کیا اور گلستان جوہر میں بھتہ نہ دینے پر لیاقت کباڑی کا قتل کیا، شاہراہ فیصل پولیس نے ٹارگٹ کلر محمد سہیل عرف گاما اور 4 جرائم پیشہ اسٹریٹ کریمنل محمد عاطف، خرم محمود، یاسراور محمد عادل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، گرفتار ٹارگٹ کلرز مذکورہ گروہ کا سرغنہ ہے، ٹارگٹ کلر سہیل عرف گاما کے خلاف 4 قتل سمیت درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

شاہراہ فیصل پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ عامر علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں، ملزم عامر علی نے طارق روڈ ، بہادر آباد ، ٹیپو سلطان ، ناظم آباد ، شاہراہ نور جہاں اور گلستان جوہر میں گھروں میں ڈکیتی کی 25 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، بریگیڈ اورعزیز بھٹی پولیس نے 2009 میں آئی آئی چند یگر روڈ پر الائیڈ بینک میں ہونے والی 52 کروڑ روپے کی بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈکیت سید اقبال حسین شاہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔

ملزم کے7 ساتھی ناصر حسین، بہار، گلزار حسین، اختر، آصف، نواب اور رحیم عرف شاہ جی تاحال مفرور ہیں ملزم کے خلاف گلستان جوہر میں 7 اور شاہراہ فیصل تھانے میں ایک مقدمہ درج ہے، گلشن اقبال، بریگیڈ اور نیوٹائون پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث6 ملزمان جمشید عامل شاہ عرف جمی، وزیر محمد ، نور محمد، فیضان علی عرف سونو، عمران علی، سعید جان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 6 پستول ، گولیاں اور 20 ٹوکن ہیروئن برآمد کر لی، ملزم جمشید،وزیر محمد اور نور محمد کا تعلق مدثر چیف گروپ سے ہے۔
Load Next Story