سندھ میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلیے کمیٹیاں قائم

ڈویژنل کمیٹی میں کمشنر، ڈی آئی جی جبکہ ضلعی کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، رینجرز اہلکار اور دیگر شامل ہوں گے

کمشنر میرپورخاص کی زیر صدارت سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس، سول سوسائٹی منشیات کی روک تھام میں مدد دے، ساجد جمال فوٹو فائل

ڈویژنل کمشنر میرپورخاص ساجد جمال ابڑو نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کیلیے ڈویژنل اور ضلعی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔

ڈویژنل کمیٹی میں کمشنر، ڈی آئی جی پولیس جبکہ ضلعی کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی، رینجرز اہلکار اور دیگر شامل ہوں گے۔ وہ اپنے دفتر میں سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر نثار میمن، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ مخدوم عقیل الزماں، ایس ایس پی میرپورخاص جام ظفراللہ دھاریجو، سپرنٹنڈنٹ جیل ضیا الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا عبدالجبار شیخ، حیسکو، سوئی گیس و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔


کمشنر نے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ضلع میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے، تمام سرکاری و نجی اداروں، رہائشی، ہوٹلوں، ملوں، کارخانوں اور تجارتی مراکز کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلیے اپنے اضلاع میںہر 15 روز میںاجلاس کریں۔ دریں اثنا ڈویژنل نارکوٹیکس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ساجد جمال ابڑو کا کہنا تھا کہ میرپورخاص کو منشیات سے پاک ڈویژن بنانے کے لیے تمام محکموں اور سول سوسائٹی کو کردار اداکرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عادی افراد کو نشے سے نجات دلانے اور علاج کیلیے سول اسپتال میرپورخاص میں 20 بیڈز پر مشتمل وارڈ قائم کیا جائیگا۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت سندھ نے ہر ضلع میں نارکوٹیکس کنٹرول کمیٹیاں بنائی ہیں جن کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہیں۔ اجلاس میں ڈی سیز سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائزاینڈ ٹیکیسشن و اینٹی نارکوٹیکس کنٹرول سید منور علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن رسول بخش لغاری، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ساجدہ پروین اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
Load Next Story