قومی ٹی 20 کرکٹ ریمز نے فاٹا چیتاز کا شکار کرلیا اویس کی سنچری

کراچی ڈولفنز نے لاڑکانہ بلز کو 5 وکٹ سے قابو کیا، اسد شفیق کے 64رنز، حیدرآباد ہاکس نے کوئٹہ بیئرز کومات دیدی

اویس ضیا مین آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ۔ فوٹو: پی سی بی

قومی ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے ابتدائی دن راولپنڈی ریمز نے فاٹا چیتاز کا شکار کرلیا، اویس ضیا نے چوکوں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچری جڑی، کراچی ڈولفنز نے لاڑکانہ بلز کو 5 وکٹ سے قابو کیا۔

اسد شفیق نے 48 گیندوں پر 64 کی برق رفتار اننگز کھیلی، انور علی نے 3 پلیئرز کو میدان بدر کیا، شاہد آفریدی صرف 2 رنز بنا سکے، حیدرآباد ہاکس نے کوئٹہ بیئرز کو دلچسپ مقابلے میں 7رنز سے قابو کیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹی 20 کپ کے ابتدائی مقابلوں میں راولپنڈی ریمز نے فاٹا چیتاز کو 8 وکٹ سے شکار کرلیا، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے فاٹا چیتاز نے6 وکٹ پر 141 رنز بنائے، اوپنر سعید خان (4) اور ماجد خان (26)کے جلد میدان بدر ہونے کے بعد ریحان آفریدی اور محمد نعیم نے اننگز کو سنبھالادیا، دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 60 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔


ریحان 43 اورنعیم 32 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، ناصر ملک اور سمیع اللہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راولپنڈی ریمز نے اویس ضیا کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ہدف15.2 اوورز میں محض2 وکٹ پر حاصل کرلیا، انھوں نے زاہد منصور(23) کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 98رنز کی پارٹنر شپ بنائی،اویس نے 55 گیندوں پر 100کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے 55 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 چوکے و 4 چھکے لگائے۔

کراچی ڈولفنز نے لاڑکانہ بلز کو5وکٹ سے زیر کرلیا، ٹاس جیت کر ناکام سائیڈ نے 6 وکٹ پر 123رنز بنائے، غلام یاسین 44رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے، انور علی نے 3 شکار کیے، ڈولفنز نے 18.4 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 125رنز بناکر میدان مارلیا، اسدشفیق نے 48 گیندوں پر 64 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انورعلی 4 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،محمد عرس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حیدرآباد ہاکس نے کوئٹہ بیئرز کو دلچسپ مقابلے میں7رنز سے ہرا دیا، کوئٹہ کیلیے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ سودمند نہیں رہا، فاتح الیون نے7 وکٹ پر 164رنز جوڑے، شعیب لغاری58، فیصل اطہر48 اور لال کمار22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، غلام محمد نے3اور جلات خان نے 2وکٹیں لیں، کوئٹہ بیئرز 7 وکٹیں گنواکر157رنز ہی بناسکے، محب اللہ 40 اورکپتان بسم اللہ خان 37 رنز بناکر نمایاں رہے، لال کمار نے 3 وکٹیں لیں۔
Load Next Story