کالی آندھی گوروں کے قدم اکھاڑنے کیلیے تیار

انگلینڈ کی اسپن کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے پُراعتماد ہیں،ٹرمپ کارڈ سنیل نارائن بیٹسمینوں کی...

پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن براوو ساتھی پلیئرز سنیل نارائن، روی رامپال اور آندرے رسل سے تبادلہ خیال کررہے ہیں. فوٹو : اے ایف پی

ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں رسائی کی جنگ جمعرات سے شروع ہوگی۔

پہلے میچ میں سری لنکا،نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گا، پالے کیلی میں ہی اسی روز ویسٹ انڈیز کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ میزبان سائیڈ کیویز کے ہوش اڑانے کیلیے بے چین تو دوسری جانب کالی آندھی گوروں کے قدم اکھاڑنے کیلیے تیار ہے۔

سری لنکا کو بدستور اپنے پراسرار اسپنر اجنتھا مینڈس کے فٹ ہونے کا انتظار ہے، وہ نہیں کھیل پائے تو ایکلا داناجایا کو میدان میں اتارا جائے گا۔

ٹاپ آرڈر پردنیش چندیمل کو آزمانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، نیوزی لینڈ بھی سپر ایٹ میں کھاتہ فتح سے کھولنے کا خواہاں ہے، بیٹنگ آرڈر میں اکھاڑ پچھاڑ کے تجربے سے گریز کیا جائے گا، ٹاپ پر مارٹن گپٹل کی واپسی ہوگی۔

دوسرے مقابلے میں ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کی اسپن کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے پُراعتماد ہے، کپتان ڈیرن سیمی نے کہاکہ ہمارا ٹرمپ کارڈ سنیل نارائن انگلش بیٹسمینوں کی ناک میں دم کردے گا، ضرورت پڑی تو دوسرے اسپنر سیموئل بدری کو بھی کھلایا جاسکتا ہے۔

ادھر انگلش ٹیم بھی ٹائٹل کے دفاع کیلیے نئے حوصلے کے ساتھ میدان سنبھالے گی، کپتان اسٹورٹ براڈ نے کہاکہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس بھی اسپن کو اچھی طرح کھیلنے والے کھلاڑی موجود ہیں۔


تفصیلات کے مطابق سپر ایٹ رائونڈ کے پہلے میچ میں جمعرات کو ایک دوسرے کا سامنا کرنے کیلیے تیارسری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ابتدائی مرحلے میں ایک ایک میچ ہار کر یہاں تک پہنچے ہیں، میزبان سائیڈ کو بارش کی وجہ سے 7 اوورز فی سائیڈ تک محدود مقابلے میں جنوبی افریقہ نے 32 رنز سے شکست دی جبکہ پاکستان نے کیویز کو 13 رنز سے ٹھکانے لگایا تھا۔

اب دونوں ٹیموں نئے مرحلے کا آغاز فتح سے کرنے کیلیے بے چین ہیں۔ آئی لینڈرز کو اپنے منفرد اسپنر اجنتھا مینڈس کے فٹ ہونے کا انتظار ہے جو سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث پروٹیز کیخلاف نہیں کھیل پائے تھے، زمبابوے سے ابتدائی میچ میں انھوں نے 6 وکٹیں لے کراپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر کیا تھا،اگر مینڈس بروقت فٹ نہیں ہوئے تو میزبان کپتان رنگانا ہیراتھ اور نئے اسپنر ایکلا دانا جایا میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ کریں گے، البتہ کوچ گراہم فورڈ نے عندیہ دیاکہ دانا جایا کو مینڈس کی عدم موجودگی پر کھلایا جاسکتا ہے،وہ 4 مختلف انداز سے بولنگ کرسکتا ہے۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنے بیٹنگ آرڈر میں کافی اکھاڑ پچھاڑ کی تھی، ڈینیئل ویٹوری کو چوتھے نمبر پر لایا گیا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف اوپننگ کرنے والے جیمز فرینکلن کو ساتویں نمبر پر کھلایا گیا تھا، مگراب اس اہم مرحلے پر تجربات کا امکان کم ہے، ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار ہونے والے اوپنر مارٹن گپٹل کے فٹ ہونے کا امکان ہے۔

ان کے کھیلنے کی صورت میں پاکستان کے خلاف آزمائے جانے والے اضافی بولر ایڈم ملن کو باہر بٹھایا جائے گا۔

ادھر ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے واضح کیاکہ آف اسپنر سنیل نارائن ٹیم کے ٹرمپ کارڈ ہیں،انھوں نے کہا کہ سنیل نے ہمارے لیے اس فارمیٹ میں بہترین پرفارم کیا، ہمیں پوری امید ہے کہ وہ انگلش ٹیم کے خلاف بھی کارآمد ثابت ہوگا،اس کے ساتھ ہم لیگ اسپنر سیموئل بدری کو بھی میدان میں اتار سکتے ہیں۔

انگلینڈ کو ٹاپ آرڈر بیٹسمین کریگ کیسویٹر اور لیوک رائٹ سے خاص طور پر اسپن بولنگ کے خلاف عمدہ کھیل کی توقعات ہیں جبکہ سلوبولنگ کے شعبے میں اس کا انحصار گریم سوان پر ہی ہوگا۔کپتان اسٹورٹ براڈ کا کہنا ہے کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ ٹوئنٹی 20 میں ویسٹ انڈیز ایک خطرناک ٹیم اور ہم حال ہی میں اپنے ملک میں ان سے کھیل چکے ہیں۔

ہمارے لیے ضروری ہے کہ غلطیوں سے سبق سیکھیں، اسپن بولنگ کا سامنا کرنے میں کمزوری سے متعلق انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس سلو بولرز کو عمدگی سے کھیلنے والے بیٹسمین موجود ہیں، ضرورت صرف سنبھل کر کھیلنے کی ہے۔
Load Next Story