وقار اور مصباح کو آسٹریلیا سے سیریز کی تیاریوں پر تشویش

ہیڈ کوچ نے قومی اسکواڈز کے اعلان میں تاخیر کا فیصلہ غیر موزوں قرار دے دیا

پلیئرز کو ٹی 20میں مصروف رکھنے کے بجائے کیمپ کا حصہ بنانے کے خواہاں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وقار یونس اور مصباح الحق نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں پر تشویش کا اظہار کردیا، ہیڈ کوچ نے آسٹریلیا سے واپس آتے ہی اسکواڈز کے اعلان میں تاخیر کا فیصلہ غیر موزوں قرار دیدیا ہے، ان کا خیال ہے کہ کرکٹرز کو قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں مصروف رکھنے کے بجائے تربیتی کیمپ کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف 3 اکتوبر سے شروع ہونیوالی سیریز کیلیے اسکواڈز کا انتخاب کراچی میں جاری ڈومیسٹک ایونٹ سے قبل کردیا جاتا تو کھلاڑی قومی ذمہ داریوں کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ میں شامل ہوتے، دوسری طرف اسٹار کرکٹرز کے بغیر مقابلوں میں اسپانسر اداروں کی توجہ حاصل کرنا مشکل ہوتا، پی سی بی نے یو اے ای میں سیریز کیلیے ٹیموں کا انتخاب موخر کرنے کا راستہ ہی مناسب سمجھا، ناکام دورئہ سری لنکا کے بعد کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ چھوڑ کر آسٹریلیا روانہ ہونے والے ہیڈ کوچ وقار یونس واپس آتے ہی اس صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق انھوں نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں اپنے تحفظات کا بھی اظہار کردیا، دوسری طرف کپتان مصباح الحق بھی اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایک اہم سیریز کی تیاری کے پیش نظر قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کے انعقاد کا وقت موزوں نہیں، اسکواڈز کا انتخاب کرکے تربیتی کیمپ کے بعد کھلاڑیوں کو ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کیلیے ایک ہفتے قبل یو اے ای بھجوانا بہتر ہوتا۔
Load Next Story