’’سنور لوں‘‘ گانے سے شہرت پانے والی گلوکارہ مونالی ٹھاکر مزاحیہ فلم ’’مینگو‘‘ میں کاسٹ

مونالی فلم ’’لکشمی‘‘ میں متاثر کن پرفارمنس پر ساؤتھ ایشیئن فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایواڈ بھی حاصل کرچکی ہیں

فلم ’’مینگو‘‘ میں لڑکی کو تین چاہنے والے ہوتے ہیں، ’’لکشمی‘‘ میں چائلڈ پراسٹیٹیوٹ کا تکلیف دہ کردار زندگی بھر یاد رہے گا، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی دنیا میں نو آموز اداکارہ اور ''سنور لوں'' گانا سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ اور فلم ''لکشمی'' میں ایک فاحشہ لڑکی کا کردار ادا کرنے والی مونالی ٹھاکر کو ڈائریکٹر عباس ٹائر والا نے اپنی نئی مزاحیہ فلم ''مینگو '' میں بطور ہیروئن کاسٹ کر لیا ہے۔

فلم ''لکشمی'' میں مشکل موضوع ''چائلڈ پراسٹیٹیوٹ'' پر بہترین اداکاری کرنے پر مونالی ٹھاکر کو واشنگٹن ڈی سی سائوتھ ایشیئن فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی ملا ہے۔ فلم ''مینگو '' میں اپنے کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے گلوکارہ سے اداکاری کی طرف آنے والی اداکارہ مونالی ٹھاکر نے بتایا ہے کہ اس فلم میں وہ ایک نوخیز' جھگڑالو اور ہیجان زدہ لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہے جب کہ اس کے مقابل تین اداکار ہیں جو اس لڑکی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں' ان کرداروں میں ایک رنویجے' اس کا بھائی ہرمن اور چندن رائے سانیال شامل ہیں' ان تینوں کو یہ یقین ہوتا ہے کہ لڑکی ان میں سے ہر ایک سے محبت کرتی ہے۔

21 مارچ 2014ء کو ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی 109منٹ کی فلم ''لکشمی '' میں ڈائریکٹر' اداکار ناگیش ککونور کی فلم میں نوجوان مونالی ٹھاکر نے ایک نوجوان فاحشہ لڑکی کا مشکل ترین کردار نبھایا تھا' فلم میں اس کے ساتھ مرکزی کردار ناگیش ککونور ہی نے ادا کیا تھا جب کہ اس کے ساتھ بالی ووڈ کے سینئر اداکارستیش کوشیک بھی کاسٹ میں شامل تھے۔


بھارت کے بیشتر دیہی علاقوں میں ہونے والی انسانی اسمگلنگ اور چائلڈ پروسٹیٹیوشن''بچوں سے جنسی زیادتی'' جیسے تلخ حقائق پر مبنی اس فلم ''لکشمی ''میں ایک کمسن فاحشہ کا تکلیف دہ کردار نبھانے والی اس نوجوان گلوکارہ و اداکارہ مونالی ٹھاکر نے اپنے تازہ انٹرویو میں اس فلم پر بات کرتے ہوئے کہا ''فلم لکشمی تو شاید بھول گئی ہوگی مگر اس فلم میں ایک نوجوان فاحشہ کا کردار ادا کرنے کی تکلیف اور مشکلات ہمیشہ میری زندگی کے ساتھ رہیں گی ''۔

مونالی کو احساس ہے کہ اس کامیابی نے اسے یہ طاقت دی ہے کہ وہ اب دوہرا کریئر گلوکاری اور ایک اداکاری کو ساتھ ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔ ''سنور لوں '' گانا گانے والی گلوکارہ مونالی ٹھاکر نے مزید بتایا کہ فلم ''لکشمی'' کے بعد کسی معیاری کردار کے لیے بہت سی آفرز کو ٹھکرا چکی ہیں اور وہ اپنی گلوکاری یا فلم کی راہ میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو قبول نہیں کرسکتی اور اسے ابھی کسی قسم کی کوئی جلدی نہیں ہے' وہ بحیثیت گلوکارہ خود کو منوانا چاہتی ہیں جو کہ اداکاری بھی کرسکتی ہے۔

 
Load Next Story