اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا
اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صیہونی فوج نے فلسطین کے شمالی مغربی کنارے کے شہر ہیبرون میں کارروائی کے دوران متعدد گھروں کو گھیر کر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 32 سالہ عامر ابو عیسیٰ اور 29 سالہ نوجوان مروان قواسمی شہید ہوگئے جبکہ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں نوجوان رواں سال جون کے مہینے میں لاپتہ کر کے قتل کئے جانے والے 3 یہودیوں کے قتل میں ملوث تھے۔
صیہونی فوج کی مغربی کنارے میں کارروائی کے بعد سیکڑوں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اورصیہونی فوج کی بربریت کے خلاف احتجاج کیا، دونوں کا جسد خاکی جب اپنی آخری منزل کی جانب روانہ ہواتو علاقہ غم کی فضا میں ڈوبا رہا جب کہ شہدا کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
دوسری جانب صیہونی فوج کے مغربی کنارے میں داخلے پر فلسطینی سیکیورٹی چیف عدنان الدمیر نے اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی شرمناک عمل ہے جبکہ شہید ہونے والے دونوں فلسطینی نوجوان 3 یہودی باشندوں کے قتل میں ملوث نہیں تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال جون کے مہینے میں 3 اسرائیلی نوجوانوں کے قتل کے بعد اسرائیلی حکام نے اس کا الزام حماس پر لگایا تھا جسے جواز بنا کر فلسطین پر 50 روزہ جنگ مسلط کردی گئی جس کے نتیجے میں 2200 سے زائد فلسطینی شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔