کارکنان کی رہائی کے بعد ایم کیو ایم کا دھرنے ختم کرنے کا اعلان

23 میں سے ہمارے 8 کارکنان رہا کردیئے گئے جبکہ دیگر 15 میں سے بھی نصف کو فی الفور رہا کیا جارہا ہے، فیصل سبزواری

مجرموں کی سرکوبی کے لئے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی حمایت کی لیکن ہم کسی کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے، فیصل سبزواری فوٹو: آن لائن/فائل

ایم کیو ایم نے کارکنان کی رہائی کے بعد شہر بھر میں دیئے گئے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 23 کارکنان کی بلاجوازگرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا اور دھرنے دیئے لیکن احتجاج کے بعد گزشتہ رات ہمارے 8 کارکنان رہا کردیئے گئے جبکہ اعلیٰ حکام سے بات چیت کے بعد دیگر 15 میں سے بھی نصف کو فی الفور رہا کیا جارہا ہے اور بقیہ کے لئے بھی قانونی تقاضے پورے کئے جارہے ہیں اور امید ہے کہ باقی کارکنان بھی جلدہمارےدرمیان ہوں گے۔


فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے مجرموں کی سرکوبی کے لئے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کی حمایت کی اور آگے بھی جاری رکھیں گے لیکن ہم کسی کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور اور آئندہ بھی اگر کسی کارکن کو بلاجواز گرفتار یا ظلم کیا گیا تو اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ رات اسکیم 33 ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع ایم کیو ایم کے دفتر پر رینجرز کے چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں دھرنے دیئے اور ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔
Load Next Story