نامور فلمی گلوکار منیر حسین کی 19ویں برسی آج منائی جائے گی

منیر حسین نے اپنے پہلے گانے ’’ تیرے محلوں کی چھاؤں میں قرار اپنا لٹا بیٹھے‘‘ سے شہرت پائی

مہدی حسن بھی منیر حسین کیساتھ کورس گیتوں میں شریک ہوئے، 1995 کو انتقال کرگئے ۔ فوٹو :فائل

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور گلوکار منیر حسین کی 19ویں برسی آج منائی جائے گی۔

اپنے انتہائی عروج کے دورمیں مرحوم سلیم رضا کے بعد پاکستان کے دوسرے مقبول ومصروف ترین فلمی گلوکار ہوتے تھے اور ان کی موجودگی میں احمد رشدی اور مہدی حسن جیسے گلوکار جدوجہد کرتے رہے تھے۔ موسیقار صفدر حسین نے انھیں فلمی دنیا میں متعارف کروایا جن کی فلم ''حاتم'' کے لیے انھوں نے اپنا فلمی نغمہ '' تیرے محلوں کی چھاؤں میں قرار اپنا لٹا بیٹھے'' گایا اور پہلے ہی نغمے نے انھیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ۔


اس کے بعد موسیقار رشید عطرے ، خواجہ خورشید انور اور اے حمید نے ان کی آواز سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وہ پاکستان کے پہلے گلوکار تھے جنھیں بیک وقت اردو اور پنجابی فلموں میں کامیابی ملی تھی۔ایک موسیقار گھرانے سے تعلق رکھنے والے منیر حسین کے سگے ماموں رشید عطرے پاکستان کے عظیم ترین موسیقار تھے جب کہ ان کے خالہ زاد بھائی صفدر حسین بھی ایک اعلی پائے کے موسیقار ثابت ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں سب سے زیادہ فلموں میں موسیقی دینے والے موسیقار وجاہت عطرے ان کے ماموں زاد بھائی تھے۔ منیر حسین کو اپنی پہلی ہی نغماتی فلم ''سات لاکھ'' کے مشہور زمانہ سدا بہار گیت ''قرار لوٹنے والے تو پیار کو ترسے'' کی ریکارڈنگ کے لیے ان کے ماموں رشید عطرے نے بڑی تیاری کروائی تھی اور فلم کا آغاز ہی بڑا دھماکہ خیز ثابت ہوا تھا۔

محبوب کو بڑے مہذب انداز میں بددعائیں دینے والے اس منفرد گیت کو سیف الدین سیف نے لکھا تھا اور یہ گیت سنتوش کمار پر فلمایا گیا تھا۔ لیکن ریلیز کے اعتبار سے پنجابی فلم ''نوراں'' منیر حسین کی پہلی فلم بنتی ہے جو مئی 1957ء میں ریلیز ہوئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گلوکار مہدی حسن نے گلوکار منیر حسین کے ساتھ کورس گیتوں میں شرکت بھی کی تھی، انھوں نے اپنے 38 سالہ فلمی کیرئیر میں میں''سات لاکھ''، ''عشق لیلی''، ''نوراں''، ''ہیر''، ''مکھڑا'' ، ''نیازمانہ''، ''بودی شاہ''، ''عالم آراء''، ''بچہ جمورا''، ''ناجی''، ''جھومر''، ''ساتھی'' ، ''شمع'' ، ''سوہنی کمہارن'' ، ''سچے موتی'' ، ''گلفام'' ، ''گلبدن''، '' سلمی '' ، ''آنچل'' ، '' شہید'' ، ''اولاد''، '' دامن'' ، ''چوڑیاں'' ، ''آشیانہ''ُ سمیت سوا دوسو کے قریب فلمی گیت گائے تھے جن میں بعض ناقابل فراموش اور سدا بہار گیت ہیں۔ اپنے انداز کا یہ منفرد گلوکار منیر حسین 27 ستمبر 1995 ء کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
Load Next Story