دیس بدیس کے کھانے
انچلا داس، لزانیہ، اٹالین اسٹائل پوٹاٹو سیلیڈ اور سیب کے حلو سے اپنے دستر خوان کی شان بڑھائیں ۔
انچلا داس
اجزا: چکن کی فلنگ کے لیے:
چکن بون لیس (آدھا کلو)، پیاز (دو عدد)، کٹی ادرک (ایک چائے کا چمچا)، سفید زیرہ (دو چائے کے چمچے)، نمک (حسب ذائقہ)، کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)، کٹا ہوا تازہ دھنیا (دوکھانے کے چمچے)، آئل (دوکھانے کے چمچے)۔
ٹماٹر ساس کے لیے:
پیاز (ایک عدد)، کْٹی لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)، کٹے ہوئے ٹماٹر (چار سے چھ )، ٹماٹر پیسٹ (ایک پیالی)، لیموں کا رس (دوکھانے کے چمچے)، براؤن شوگر (دوکھانے کے چمچے)، نمک (آدھا چائے کا چمچا)، کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)، کٹی ادرک (ایک چائے کا چمچا)، موزریلا چیز (ایک پیک)، آئل (دوکھانے کے چمچے)، مکئی کی چپاتیاں (چارعدد)۔
ترکیب:
ایک پین میں آئل گرم کر کے کٹی ہوئی ادرک کو ہلکا سا تل لیں۔ ایک منٹ تک تلنے کے بعد اس میں بون لیس چکن، کٹی پیاز، سفید زیرہ، نمک، مرچ اور کٹا ہوا دھنیا شامل کردیں۔ چکن کے گلنے تک پکائیں۔ ٹماٹر سوس بنانے کے لیے ایک الگ پین میں آئل گرم کر کے اس میں کٹی ہوئی ادرک، اچھی طرح کٹے ہوئے ٹماٹر، براؤن شوگر، نمک اور کٹی لال مرچ ڈالیں۔ ٹماٹروں کے گلنے تک پکائیں۔ اس کے بعد ٹماٹر کا آمیزہ، لیموں کا رس اور کالی مرچ ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور چولھا بند کر دیں۔ اس کے بعد ایک بیکنگ ٹرے میں چپاتیاں بچھائیں۔ اب اس کے اوپر ایک تہہ چکن کی اور ایک تہہ ٹماٹر سوس کی بچھائیں۔ اسی طرح باری باری دونوں چیزوں کی تہہ لگانے کے بعد آخر میں اوپر موزریلا چیز ڈال دیں۔ اس کے بعد اسے 190 ڈگری سینٹی گریڈ پر دس منٹ تک بیک کریں۔
لزانیہ (اٹالین ڈش)
اجزا:
قیمہ (آدھا کلو)، کٹی ہوئی پیاز (آدھی پیالی)، تیل (چار کھانے کے چمچے)، کالی مرچ (ایک چائے کا چمچا)، نمک (حسب ضرورت)، مسٹرڈ پاؤڈر (ایک چائے کا چمچا)، ادرک، لہسن (ایک چائے کا چمچا)، سرکہ (دو کھانے کے چمچے)، گرم مصالحہ (آدھا چائے کا چمچا)، ٹماٹر کا پیسٹ (آدھی پیالی)، اوریگانو لیو (ایک چائے کا چمچا)، لزانیہ اسٹریپس (چھ عدد)
چیز سوس کے لیے:
مکھن (تین کھانے کے چمچے)، میدہ (چار کھانے کے چمچے)، نمک (حسب ذائقہ)، دکنی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، مسٹرڈ پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)، دودھ (دوپیالی)، چیڈر چیز (دو کھانے کے چمچے)
ٹماٹو سوس کے لیے:
ٹماٹر کا آمیزہ (آدھی پیالی)، نمک (حسب ذائقہ)، کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، تیل (دوکھانے کے چمچے)، پسا ہوا لہسن (آدھا چائے کاچمچا)، چینی (ایک کھانے کا چمچا)، سرکہ (ایک کھانے کا چمچا)۔
ترکیب:
قیمے کے لیے:
پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز تلیں۔ پھر پیاز میں قیمہ، نمک، کالی مرچ، مسٹرڈ پاؤڈر، ادرک لہسن، سرکہ، ٹماٹر کا آمیزہ شامل کر کے پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گل جائے تو بھون کر اتار لیں اور اوریگانو شامل کردیں۔
لزانیہ کے لیے:
لزانیہ کے اسریپس کو ابالیں۔
چیز سوس کے لیے:
مکھن گرم کرکے اس میں میدہ بھون لیں۔ پھر نمک، دکنی مرچ اور مسٹرڈ پاؤڈر شامل کرکے دودھ اور پانی ڈال کر سوس تیار کر لیں۔ چولھے سے اتارتے وقت اس میں چیز بھی شامل کریں۔
ٹماٹو سوس کے لیے:
تیل گرم کر کے لہسن، ٹماٹر کا آمیزہ اور پانی ڈالیں۔ اب نمک، سرکہ اور چینی شامل کر کے گاڑھا ہونے پر اتار لیں۔
اسمبل کرنے کے لیے:
اوون فروٹ ڈش میں اس کو گریس کرلیں۔ لزانیہ کی اسٹریپس بچھائیں اور پکا ہوا قیمہ ڈالیں۔ پھر اوریگانو چھڑکیں، ٹماٹو سوس، چیز سوس ڈالیں اور پھر یہی عمل دُہرائیں۔ آخر میں چیڈر چیز، مکھن، کیچپ اوریگانو چھڑک کر نمبر چار پر بیس سے پچیس منٹ کے لیے بیک کریں اور نوش فرمائیں۔
اٹالین اسٹائل پوٹاٹو سیلیڈ
اجزا:
آلو آدھا کلو (اُبلے ہوئے)، پیاز (ایک عدد)، ٹماٹر (دو عدد)، لہسن کے جوے (چار عدد)، کُٹی ہوئی کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، پرمزان چیز (دوکھانے کے چمچے)، ہرا دھنیا (دوکھانے کے چمچے)، سِرکہ (دوکھانے کے چمچے)، زیتون کا تیل (دو کھانے کے چمچے)، نمک (ایک چوتھائی چائے کا چمچے)۔
ترکیب:
ایک شیشے کے پیالے میں لہسن، زیتون کا تیل، سرکہ، نمک اور کالی مرچ شامل کریں۔ اب اس میں ہرا دھنیا، پیاز، ٹماٹر اور آلو شامل کر کے اچھی طرح سے ملا لیں۔ اس کو نکالتے وقت پرمزان چیز شامل کر کے سرو کریں۔
سیب کا حلوہ
اجزا:
سیب (آدھا کلو)، ملائی (آدھا پاؤ)، کھویا (آدھا پاؤ)، چینی (ایک پیالی)، کیوڑہ (چند قطرے)، بادام کی گری (ایک چھٹانک)، پستہ (آدھی چھٹانک)
ترکیب:
سیبوں کو چھیل کر ابال لیں اور پھر ٹھنڈا ہونے کے بعد پیس لیں، اب سیبوں کو دوبارہ چولھے پر رکھیں، ساتھ ملائی یا کریم ڈال دیں۔ تھوڑا پک جائے تو چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اس کے بعد کیوڑہ ڈال کر مزید پکائیں۔ جب حلوہ تیار ہو جائے، تو چولھے سے اتار کر ڈش میں پھیلا دیں اوپر بادام اور پستہ چھڑک دیں۔ مزے دار سیب کا حلوہ تیار ہے۔