ووہان اوپن ٹرافی بوچارڈ فتح کے کنارے پر پہنچ کر پیاسی رہ گئیں

ووہان اوپن ٹرافی بھی پیٹراکیوٹوا کے نام، شینزین ٹائٹل کیلیے مرے اور روبریڈو میں دو دو ہاتھ ہوں گے

ووہان اوپن ٹرافی بھی پیٹراکیوٹوا کے نام، شینزین ٹائٹل کیلیے مرے اور روبریڈو میں دودو ہاتھ ہوں گے، نیشکوری نے ملائیشین اوپن کے فائنل میں جگہ بنالی۔ فوٹو : اے ایف پی

یوگینی بوچارڈ پھر فتح کے کنارے پر پہنچ کر پیاسی رہ گئیں، ووہان اوپن ٹائٹل بھی پیٹراکیوٹوا کے نام ہوگیا۔

شینزین ایونٹ کے ٹائٹل کیلیے اینڈی مرے اور ٹومی روبریڈو میں دودو ہاتھ ہوں گے۔ ملائیشین اوپن میں جاپان کے کائی نیشکوری نے فائنل میں جگہ بنالی، دوسرے سیمی فائنل میں جولین بینیٹووا نے ارنیسٹ گلبز کی حسرتوں کا دیا بجھادیا۔ تفصیلات کے مطابق 24 لاکھ ڈالر مالیت کے ووہان اوپن کے فائنل میں جمہوریہ چیک کی پیٹراکیوٹوا نے کینیڈا کی نوجوان یوگینی بوچارڈ کو 6-3 اور 6-4 سے شکست دے دی، اس سے قبل دونوں کا ومبلڈن کے فائنل میں ٹکراؤ ہوا تو کیوٹوا ہی سرخرو ٹھہری تھیں تب مگر ان کی فتح کا تناسب 6-3 اور 6-0 تھا۔ مجموعی طور پر کیوٹوا نے بوچارڈ پر تیسرے مقابلے میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔


ووہان میں شاندار کامیابی سے چیک پلیئر کو نہ صرف ٹائٹل اور انعامی رقم ملی بلکہ وہ آئندہ برس سنگاپور میں شیڈول ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں بھی جگہ بناچکیں جس میں سرینا ولیمز، روسی اسٹار ماریا شراپووا اور سیمونا ہالیپ پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔ اس کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں ان کی تیسری پوزیشن بھی خطرے سے محفوظ ہوگئی،اگر وہ اس مقابلے میں رنر اپ رہتیں تو پھر ان کی پوزیشن چوتھے نمبر پر موجود شراپووا کے قبضے میں چلی جاتی۔

دوسری جانب چین کے ہی شہر شینزین میں جاری اے ٹی پی ایونٹ کا فائنل اینڈی مرے اور ٹومی روبریڈو کے درمیان کھیلا جائے گا، 4 سیڈ روبریڈو نے کولمبیا کے 6 سیڈ سانتیاگوکو 6-1اور 6-4 سے مات دی جبکہ برطانیہ کے سیکنڈ سڈیڈ مرے نے ارجنٹائن کے جوآن موناکو کو 2-6، 6-3 اور 6-0 سے پچھاڑا۔ ملائیشین اوپن میں جاپان کے ٹاپ سیڈ کائی نیشکوری نے سیمی فائنل میں جارکو نیمینین کو 6-3، 4-6 اور 6-2 سے مات دی، ان کا ٹائٹل کے لیے اب فرانس کے 4 سیڈ جولین بینیٹووا سے مقابلہ ہوگا جنھوں نے سیکنڈ سیڈ ارنیسٹ گلبز کو 6-4 اور 6-4 سے زیر کیا۔
Load Next Story