ایشین کبڈی گیمز میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو پچھاڑ دیا

آج بنگلہ دیش سے مقابلہ، والی بال اور ٹیبل ٹینس مقابلوں میں گرین شرٹس فتحیاب

والی بال اور ٹیبل ٹینس مقابلوں میں گرین شرٹس فتح یاب۔ فوٹو: فائل

ایشین گیمز کبڈی کے گروپ میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو زیر کرلیا، والی بال اورٹیبل ٹینس مقابلوں میں بھی گرین شرٹس کامیاب رہے، باکسنگ اور ریسلنگ میں ناکامی کا سامنا رہا،سائیکلنگ میں محمد شکیل مقابلے میں شرکت نہ کرسکے۔

کوریا کے شہر انچیون سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کبڈی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گروپ میچ تھائی لینڈ کیخلاف تھا ، جس میں قومی ٹیم نے حریف کو 30 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے زیرکیا، پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ پیر کو بنگلہ دیش سے کھیلے گا، والی بال مقابلے میں گرین شرٹس ترکمانستان کیخلاف پورے مقابلے کے دوران چھائے رہے اور 3-0سے فتح اپنے نام کرلی، ٹیبل ٹینس مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی فاتح رہے۔


محمد عاصم قریشی، محمد رمیز اور سید سلیم عباس کاظمی پر مشتمل ٹیم نے مالدیپ کے کھلاڑیوں کو 3-0 سے زیر کیا۔ خواتین مقابلوں میں بھی پاکستانی عیشا اقبال انصاری، راحیلہ کاشف اور شبنم بلال نے مالدیپ کو ہی3-0 سے زیرکیا، باکسنگ میں پاکستان کے باکسرز دونوں مقابلے ہار گئے، 46سے 49 کلوگرام کیٹیگری میں قومی باکسر محب اللہ قازقستان کے برزہان سے 0-3سے مات کھاگئے، 64 کلوگرام میں عامرخان کو جاپان کے کواچی سے یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے مات ہوئی۔

میگا ایونٹ میں پاکستانی ریسلرز نے عوامی توقعات کے برعکس مایوس کن کھیل پیش کیا اور دونوں یکطرفہ مقابلوں میں 0-4سے مات کھا گئے، 97کلوگرام کیٹیگری کے مینز فری اسٹائل میں پاکستان کے بلال حسین اعوان کرغزستان کے موسیف جبکہ 97 کلو گرام کے فری اسٹائل میں ہی بلال حسین اعوان بھارتی اسٹیورٹ سے شکست کھا گئے۔ سائیکلنگ کے 182 کلومیٹر کے مینز روڈ ریس میں محمد شکیل مقابلے سے پہلے ہی ہمت ہار گئے اور انھوں نے ایونٹ میں شرکت کرنا ہی مناسب نہ سمجھا۔
Load Next Story