عیدالاضحیٰ پرریلیز ہونے والی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ کا کراچی میں رنگارنگ پریمیئر شو

عوام کوچاہیے کہ وہ پاکستانی فلموں کی حوصلہ افزائی کریں اب ہم بھارتی فلموں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،جاوید شیخ

مجھے بحیثیت پاکستان اداکار کے فخر ہے کہ ہمارے ملک میں بہت شاندار اور عمدہ فلمیں بن رہی ہیں،جاوید شیخ ۔ فوٹو : وقار احمد

ISLAMABAD:
فلم والا پروڈکشن نے ڈیڑھ سال قبل اپنی فلم ''نامعلوم افراد'' کا آغاز کیا تھا جو مختلف مراحل مکمل کرنے کے بعد اب عید الاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

اس کا پریمیئر شو گزشتہ روز کراچی کے ایٹریم سنیما میں منعقد ہوا جس میں فلم میں کام کرنے والے فنکاروں نے بھر پور شرکت کی، ان میں جاوید شیخ، فہد مصطفی، عروا، محسن عباس قابل ذکر تھے جب کہ مہوش حیات جنھوں نے اس فلم میں بہترین آئیٹم سونگ فلم بند کرایا ہے موجود نہیں تھیں۔ فلم کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز ادکار جاوید شیخ نے کہا جو لوگ کہتے ہیں ہم اچھی فلم نہیں بناسکتے وہ یہ فلم ضرور دیکھیں اس فلم پر مجھے بحیثیت ایک پاکستان اداکار کے فخر ہے، ہمارے ملک میں بہت شاندار اور عمدہ فلمیں بن رہی ہیں ہمارے عوام کو چاہیے کہ وہ پاکستانی فلموں کی حوصلہ افزائی کریں اب ہم بھارتی فلموں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


فلم کے ایک اور مرکزی کردار فہد مصطفیٰ نے کہا پاکستانی فلموں میں یہ ایک اچھا اضافہ ہوگی ہمیں اپنی فلم انڈسٹری کی ترقی اور بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے، ادکارہ عروا نے کہا یہ میری پہلی پاکستان فلم ہے اور مجھے اس فلم میں کام کرکے فخر محسوس ہورہا ہے، محسن عباس نے کہا کہ یہ میری پہلی فلم ہے لیکن مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں بہت عرصہ سے فلموں میں کام کررہا ہوں۔

فلم کی پروڈیوسر فضا علی مرزا نے کہا مجھے خوشی ہے میری فلم میں تمام فنکاروں نے بہت محنت اور لگن سے کام کیا اور اسے عوام میں دلچسپ بنانے کے لیے اپنی تمام کوششیں صرف کردیں، فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے کہا فلم ''نامعلوام افراد'' عوام کی توقعات پر ضرور پورا اترے گی۔ یہ فلم بقر عید کے موقع پر ایورریڈی پکچر کے توسط سے نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
Load Next Story