حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی 343 پوائنٹس کا اضافہ

متواتر مندی سے فرمز کی نیچے آئی ہوئی قیمتوں پر بھاری خریداری، بینکنگ سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری

375 میں سے 215 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمائے میں 71 ارب 89 کروڑ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم 10 فیصد زائد، 10 کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

بینکنگ سیکٹر میں غیرملکیوں کی سرمایہ کاری اورلسٹڈ کمپنی ماڑی پٹرولیم کے اچھے مالیاتی نتائج کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو غیرمتوقع طور پر تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 29400، 29500، 29600 اور 29700 پوائنٹس کی 4 نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے باعث57.33 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 71 ارب 89 کروڑ 22 لاکھ 18 ہزار576 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کیپٹل مارکیٹ اگرچہ سیاسی افق پر غیریقینی حالات کے بھی زیراثر ہے لیکن گزشتہ چند روز کی متواترمندی کے دورانیے میں بعض اہم شعبوں کی جن کمپنیوں کی قیمتیں کم ہوئی تھی منگل کوسرمایہ کاروں نے ان کمپنیوں کے حصص کی نچلی قیمتوں پر وسیع پیمانے پر خریداری کی جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی کی جانب گامزن ہوا۔


ماہرین کا کہنا تھا کہ غیرملکیوں کی جانب سے منگل کو بینکنگ سیکٹر کے حصص میں سرمایہ کاری دلچسپی زائد رہی۔ بعض سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ سیاسی افق پر غیریقینی کیفیت اور عیدالاضحی کی طویل تعطیلات سے قبل امکان ہے کہ مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہواور مندی رونما ہو۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر53 لاکھ 90 ہزار 279 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر8 پوائنٹس کی محدود مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 33 لاکھ 81 ہزار445 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے 20 لاکھ 8 ہزار833 ڈالرکی تازہ سرمایہ کاری نے کاروبار کے گراف کو بلند کیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 343.26 پوائنٹس کے اضافے سے 29726.39 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 255.20 پوائنٹس کے اضافے سے 20214.56 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 544.04 پوائنٹس کے اضافے سے 48379.38 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 10.43 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 10 کروڑ 3 لاکھ 74 ہزار580 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 375 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں215 کے بھاؤ میں اضافہ، 133 کے داموں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story