بلاول بھٹو زرداری 18اکتوبر کےجلسےمیں نوازشریف کوجھنڈی دکھادیں گے شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ عوام میں تحریک انصاف کے موقف کی پزیرائی نے پیپلز پارٹی کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے اور وہ پیش گوئی کرتے ہیں کہ 18 اکتوبر کے جلسہ عام میں بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔
لاہور ہائی کورٹ بار کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کی بالادستی،پارلیمانی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری کلچر کو فروغ دینا چاہتی ہے، عمران خان عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں وکلا کے شانہ بشانہ تھے کیونکہ آزاد عدلیہ ہی ہماری بقا ہے،1970 کے انتخابات کے علاوہ ملک میں ہونے والے تمام انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشانات لگے ہیں، عمران خان نے جس تحریک کا آغاز کیا وہ بچے بچے کی زبان بن چکی ہے۔ پاکستانی قوم ایک آزاد، خودمختار، شفاف انتخابات کی تحریک چلارہی ہے ، عوام کرپٹ سیاستدانوں کوبرداشت کرنے کوتیارنہیں، چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔
اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہم ملک میں شفاف انتخابی عمل کے لئے کوشش کررہے ہیں، تحریک انصاف پہلے ہی وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دے چکی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم اپنی ہی جماعت کے کسی فرد کو اپنے عہدے پر مقرر کردیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مسلسل موجود رکھنا کوئی معمولی کام نہیں، عمران خان بھی نہیں چاہتے کہ وہ ہمیشہ کنٹینر میں رہیں، گھر والوں کے ساتھ عید منانے کا دل کسے نہیں چاہتا، ہم بھی چاہتے ہیں کہ عید الاضحیٰ گھر پرمنائیں لیکن ہم ایک مقصد کے لئے کوشش دے رہے ہیں، اسی لئے عیدالاضحیٰ کنٹینر پر منارہے ہیں، عید کے موقع پر نماز بھی ہوگی اور قربانی بھی کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ کی حد تک سکڑ گئی ہے اور اب یہ جماعت خیبر پختونخوا اور پنجاب میں عوام کے لئے بے معنی ہوتی جارہی ہے۔ عوام میں ہمارے موقف کی پزیرائی دیکھتے ہوئے پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی تبدیل کررہی ہے، وہ پیش گوئی کررہے ہیں کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ عام کے دوران بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔