سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے شہبازشریف اور ان کی ٹیم کا کام قابل ستائش ہے وزیراعظم

سیلاب کےباعث ہونیوالے نقصان پرحکومت متاثرہ خاندانوں کےدکھ میں برابرکی شریک ہےاورمتاثرین کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھےگی

سیلاب متاثرین کے لئے پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث جو جانی و مالی نقصان ہوا اس پر حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ان کی ٹیم کا کام قابل ستائش ہے۔


وزیرآباد میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث بہت بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا اس پر متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ہمدردی کے جذبات سب سے پہلے ان متاثرین کی طرف جاتے ہیں جو لوگ اپنے پیاروں اور گھروں سے محروم ہو گئے ہیں، بے گھر ہونے والوں کے دکھوں کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لئے پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں جب کہ جس طرح وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کی ٹیم سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کام کر رہی ہے وہ بھی قابل ستائش ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو معقول امداد ہر صورت میں ملے گی، متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی پہلی قسط جاری کی جا چکی ہے جب کہ دوسری قسط 20 اکتوبر تک جاری کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اپنا کام کر رہی ہیں لیکن مخیر حضرات کو بھی آگے آ کر اس مشکل کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کرنی چاہیئے۔
Load Next Story