آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی 175ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی, آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں ہونےوالی کانفرنس میں پاک فوج کے کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران، ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوئے، شرکا کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کی پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، عسکری قیادت نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں اور افسروں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں ریٹائر ہونے والے 4 کور کمانڈرز کی یہ الوداعی کانفرنس بھی تھی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ریٹائر ہونے والوں میں کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل طارق خان، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی اور کور کمانڈر گوجرنوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز شامل ہیں جب کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نومبر کی 8 تاریخ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔