2011 کے جلسے کے بعد پارٹی کو خریدنے کی کوشش کی گئی عمران خان کا انکشاف

عوام میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے یہی سب سے بڑی کامیابی ہے جبکہ آئندہ ہماری حکومت ہوگی، چیرمین تحریک انصاف

قوم میرے ساتھ ہے تو مجھے کسی کی پرواہ نہیں ملک کو مثالی اسلامی ریاست بنا کر رہیں گے، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 30 اکتوبر 2011 کے جلسے کے بعد پارٹی کو خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن میں نے یہ پیشکش ٹھکرادی۔



اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امیر شخص وہ ہے جو کسی صورت اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا جبکہ بعض افراد کی جانب سے تحریک انصاف کے 30 اکتوبر 2011 کے جلسے کے بعد پارٹی کو 300 کروڑ روپے میں خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن اس آفر کو ٹھکرا دیا گیا، قوم میرے ساتھ ہے تو کسی کی پرواہ نہیں ملک کو مثالی اسلامی ریاست بنا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دوسروں کے کہنے پر اپنے لوگ مروائے گئے اور اس کام کی رقم وصول کی گئی لیکن آئندہ کوئی حکمران اس قسم کی حرکت نہیں کر پائے گا، تحریک انصاف کے دھرنوں نے قوم کو جگا دیا اور عوام جیت گئے اب اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔


تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں دشمنوں کے ساتھ بھی انصاف ہونا چاہئے لیکن یہاں بدقسمتی سے انصاف کے حقدار کو بھی انصاف نہیں ملتا، "گو نواز گو" کا نعرہ اب نہیں رکے گا بلکہ وزیراعظم نواز شریف کے محافظ بھی گو نواز گو کا شور مچائیں گے،عوام میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے یہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بندوق کے زور پر، ڈرون سے حملہ کرکے یا بمباری سے راج نہیں کیا جاتا بلکہ اعلیٰ کردار کی حامل قومیں راج کرتی ہیں۔

Load Next Story