ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہرا دیا

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مقررہ وقت تک برابر رہا جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا۔

بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر گولڈ میڈل کے ساتھ 2016 میں ہونے والے اولمپکس گیمز کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ فوٹو؛اے ایف پی

17 ویں ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹز آؤٹس پر شکست دے کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا بلکہ 2016 میں ہونے والے اولمپکس گیمز کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا۔



جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والا فیصلہ کن معرکہ مقررہ وقت تک ایک ایک گو ل سے برابر رہا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹر آؤٹس پر ہوا۔ پنالٹی شوٹز آؤٹس پر بھارت نے 4 جب کہ پاکستان نے 2 گول اسکور کئے۔


اس سے قبل جب میچ کا آغاز ہوا تو پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں گول کر کے پاکستان کو بھارت پر سبقت دلا دی جسے بھارت نے دوسرے ہاف میں گول کر کے برابر کردیا۔ میچ کے تیسرے اور چوتھے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گولز پر تابڑ توڑ حملے کئے گئے لیکن مقررہ وقت پر کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹز آؤٹس پر ہوا۔


واضح رہے کہ بھارت نے ایشین ہاکی میں پاکستان کو شکست دے کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے بلکہ 2016 میں ہونے والے اولمپکس گیمز کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

Load Next Story