پولیو کیسز کا 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا 188 بچے پولیو کا شکار

سب سے زیادہ پولیو کے کیسز قبائلی علاقوں میں رپورٹ کیے گئے، پنجاب میں صرف 2 کیس ظاہر ہوئے

پولیو ویکسین میں کوئی مضر صحت اجزا شامل نہیں اس کا استعمال جائز ہے، 50 سے زائدعلما کا فتویٰ۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں پولیو وائرس شدت اختیار کرگیا، رواں سال کے دوران ملک بھر میں پولیو وائرس کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد 188 ہوگئی جس کے بعد امسال پولیو کیسوں میں اضافے کا 14 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔


گڈاپ ٹاؤن میں 18 ماہ کے اویس میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، امسال سب سے پولیو کیسوں کی تصدیق قبائلی علاقوں میں کی گئی جہاں 130 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوئے جبکہ خیبرپختوانخوا میں 33، سندھ میں18، پنجاب میں 2 اور بلوچستان میں 5 کیس رپورٹ ہوئے۔

عالمی اداروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 2014 میں پاکستان میں سب سے زیادہ پولیو کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے، پاکستان میں رواں سال پولیو کے کیسوں میں مسلسل اضافے پر ملک بھر کے 50 سے زائد علما کرام جن میں جے یو آئی س کے سربراہ مولانا سمیع الحق مولانا سید یوسف شاہ احمد حمداللہ الحق مولانا عدنان کاکا خیل ودیگر شامل ہیں نے بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین پلانے کے حوالے سے فتوی بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیو ویکسین میں کوئی مضر صحت اجزا شامل نہیں ہیں اور پولیو ویکسین کا استعمال جائز ہے۔
Load Next Story